ایک نیوز :تحریک انصاف کیخلاف انتقامی کارروائیوں پر 54رہنماؤں،امیدواروں نے الیکشن کمیشن کو درخواست دیدی ۔
تحریک انصاف نے وفاقی و چاروں صوبائی حکومتوں،17 ڈی آر اوز، نادرا پیمرا پی ٹی اے کو فریق بنایا،رہنماؤں،امیدواروں کیخلاف کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کیاگیا۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں کا درخواست میں کہنا ہے کہ ملک بھر میں تحریک انصاف کے ساتھ انتقامی کاروائیاں کی جارہی ہیں۔ نگران حکومتیں آئینی حق سے محروم کررہی ہیں۔پی ٹی آئی امیدواروں،تائید و تجویز کنندگان کو آر اوز کےدفاتر سے گرفتار کیا جارہا ہے۔
تحریک انصاف نے درخواست میں 49 حلقوں میں پیش آنے والے واقعات کی تفصیلات جمع کرا دیں۔
درخواست میں مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو انٹرنیٹ بند کرکے بنیادی حق سے محروم کیاجارہاہے۔نادرا نے پی ٹی آئی وررکرز اور رہنماوں کے شناختی کارڈز بلاک کئے۔لاہور،راولپنڈی،میانوالی،ملتان،فیصل آباد سمیت 17 اضلاع میں ڈی آر اوز نے کوئی کاروائی نہیں کی۔پی ٹی آئی ورکرز کو پولیس حراساں کررہی ہے۔بطور جماعت تحریک انصاف کو ٹی وی چینلز پر کوریج نہیں دی جارہی۔
درخواست میں کہاگیا کہ الیکشن کمیشن آئین کے آرٹیکل 218،220 کے تحت صاف شفاف انتخابات کرائے۔الیکشن کمیشن وفاقی و صوبائی حکومتوں کو پی ٹی آئی کے خلاف جاری کاروائیاں روکنے کا حکم دے۔
الیکشن کمیشن میں شاہ محمود قریشی،مونس الہی،جمشید دستی،شیخ وقاص اکرم بشارت راجہ اور دیگر رہنماؤں کی جانب سے وکیل انتظار پنجوتھہ نے درخواست جمع کرائی۔