پنجاب حکومت کاوظائف اورامدادی رقوم کی ادائیگی کیلئےبیت المال پورٹل ایپ کا آغاز

پنجاب حکومت کاوظائف اورامدادی رقوم کی ادائیگی کیلئےبیت المال پورٹل ایپ کا آغاز
کیپشن: پنجاب حکومت کاوظائف اورامدادی رقوم کی ادائیگی کیلئےبیت المال پورٹل ایپ کا آغاز

ایک نیوز: 32 سال کے بعد محکمہ بیت المال جدت کی راہ پر گامزن، وظائف اورامدادی رقوم کی ادائیگی کیلئے بیت المال پورٹل،ایپ کا آغاز ہو گیا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے باقاعدہ افتتاح کردیا۔

تفصیلا ت کے مطابق نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ مستحقین اورضرورت مندوں کو بیت المال پورٹل، ایپ کے ذریعے امداد آسانی سے میسر ہوگی، بیت المال پورٹل،ایپ کے ذریعے مستحقین کو ادائیگی میں شفافیت ہوگی، بیت المال پورٹل،ایپ کے قیام کا مقصد مستند ڈیٹا بیس اورپیپر لیس ورکنگ ہے، امداد اورسکالرشپ کیلئے بیت المال پورٹل، ایپ کے ذریعے درخواست دی جاسکے گی۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ تعلیمی وظائف،میرج گرانٹ کیلئے اپلائی کیا جاسکے گا، خصوصی افراد اورضرورت مند بھی بیت المال پورٹل، ایپ کے ذریعے درخواست دے سکیں گے، طبی علاج معالجے کیلئے بھی اپلائی کیا جاسکے گا، ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج کیلئے بیت المال سے امداد کا نظام بھی آن لائن کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پنجاب بیت المال پورٹل، ایپ کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ درخواست دہندہ کے اپلائی کرنے پر متعلقہ ضلع سے تصدیق کے بعد کمیٹی کارروائی کرے گی، دستیاب فنڈز کی تقسیم کے مطابق درخواست دہندہ کو یو بی ایل اومنی کے ذریعے ادائیگی کی جائے گی۔

صوبائی وزیرسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر وبیت المال ڈاکٹر جاوید اکرم،چیف سیکرٹری، سیکرٹریز سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال، قانون، اطلاعات،چیئرمین پی آئی ٹی بی، امین بیت المال پنجاب، ڈی جی پی آئی ٹی بی اور متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔