ایک نیوز: بلوچستان کے ضلع سبی میں ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے زیراہتمام آل پاکستان کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد، ٹورنامنٹ کا فائنل رحیم یار خان کلب اور خان خدائے مرغزانی کلب کے مابین کھیلا گیا ، سنسنی خیز مقابلے کے بعد رحیم یار خان کلب فاتح قرار ۔
تفصیلات کے مطابق کبڈی ٹورنامنٹ ایک ہفتے تک جاری رہا ، جس میں پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والی 8 ٹیموں نے حصہ لیا، ٹورنامنٹ کو دیکھنے کیلئے ضلع سبی کے قبائلی عمائدین، یونیورسٹی اور کالجز کے طلباء اور کھلاڑیوں سمیت مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، ٹورنامنٹ کا فائنل میچ رحیم یار خان کلب اور خان خدائے مرغزانی کلب کے مابین کھیلا گیا۔جسے سنسنی خیز مقابلے کے بعد رحیم یار خان کلب نے جیتا۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر فاتح ٹیم اور کھلاڑیوں کو انعامات اور ٹرافیز سے نوازا گیا۔
فائنل میچ میں کھلاڑیوں اور مقامی لوگوں کا جوش خوب دیدنی تھا، فائنل میچ کے اختتام پر ٹینٹ پیگنگ اور دیگر ثقافتی نمائشوں کا اہتمام بھی کیا گیا جسے شائقین نے خوب سراہا، کھلاڑیوں اور مقامی لوگوں نے ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں کھیلوں کے انعقاد سے نوجوان مثبت رجحانات کی جانب راغب ہوں گے۔