ویب ڈیسک:غزہ میں قابض صیہونی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں، 24 گھنٹوں میں 180 سےزائد فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا ، اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 21 ہزار 507 تک پہنچ گئی ۔
تفصیلات کے مطابق غزہ میں نصائرت کیمپ، خان یونس اور رفح سمیت دیگر علاقوں پر اسرائیلی حملوں سے مزید کئی فلسطینی شہید اور زخمی ہو گئے، نصائرت اور المغازی پناہ گزین کیمپ پر بمباری سے35 افراد شہید ہوئے جبکہ کویتی ہسپتال کے قریب حملے میں 20 افراد شہید ہو ئے۔
اسرائیلی افواج کی جانب سے اقوام متحدہ کی امدادی کھیپ پر بھی فائرنگ کی گئی ، اقوام متحدہ کے ایڈ چیف مارٹن گریفتھس نے امدادی قافلے پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے امدادی رضاکاروں پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔