ایک نیوز:کیپٹن کرنل شیر خان شہید کیڈٹ کالج طلباء کے تابناک مستقبل کی ضمانت، پورے پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا سے بڑی تعداد میں طلبا زیورِ تعلیم وتربیت سے بہرامند ہو رہے ہیں، اب تک 1155 کیڈٹس فارغ التحصیل ہوچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کیپٹن کرنل شیرخان شہید کیڈٹ کالج صوابی وطنِ عزیز کے اس نڈر اور بہادر سپوت کے نام پر بنا ، جس نے معرکہ کارگل میں شجاعت اور بہادری کی ایک تاریخ رقم کی، ضلع صوابی میں واقع کیپٹن کرنل شیرخان شہید کیڈٹ کالج اپنی نوعیت کی ایک منفرد اور واحد درسگاہ ہے، جہاں سے اب تک 1155 کیڈٹس فارغ التحصیل ہوچکے ہیں، کیڈٹ کالج میں پورے پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا سے بڑی تعداد میں طلبا زیورِ تعلیم وتربیت سے بہرامند ہو رہے ہیں، اس کے علاوہ ضم شدہ اضلاع سمیت صوبہ بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے بھی سیٹیں مختص کی گئی ہیں۔
کرنل شیرخان کیڈٹ کالج دورِحاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق ہر سہولت سے مالا مال اپنی نوعیت کا ایک منفرد تعلیمی ادارہ ہے، زندگی کی ہر آسائش سے مزین کرنل شیرخان کیڈٹ کالج میں کیڈٹس کی ہر ضرورت کے مطابق عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ، کرنل شیرخان کیڈٹ کالج میں جدید آلات و سہولیات سے آراستہ لیبارٹریز سمیت ہزارہا کتب پر مبنی جدید طرز کی لائبریری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی کمپیوٹر لیبز موجود ہیں،سمارٹ بورڈز کی سہولت رکھنے والی پرآسائش کلاسز اور کشادہ آرام دہ رہائشی کمروں پر مشتمل ہوسٹلز طلباء کو معیاری طرزِ زندگی مہیا کر رہے ہیں۔
کیڈٹ کالج میں ریکریشنل ایکٹیوٹیز اور مختلف قسم کے کھیلوں کیلئے کھلے اور وسیع کھیل کے میدان، گھڑسواری کے لیے صحت مند اور تربیت یافتہ گھوڑے اور سوئمنگ پول موجود ہیں ، کرنل شیرخان کیڈٹ کالج ملک و قوم کو ایسے قابلِ رشک سپوت فراہم کررہا ہے جو نہ صرف تعلیمی معیار میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں بلکہ عملی میدان میں بھی اپنا اور ادارے کا نام روشن کر رہے ہیں ، علاقے میں کیڈٹ کالج کے قیام سے بچوں کا مستقبل تابناک ہے اور علاقے کے عوام پاک فوج کے شکر گزار ہیں۔