ویب ڈیسک:قومی ٹیم کےسابق کپتان وہیڈکوچ مصباح الحق نےمیلبرن ٹیسٹ میں ناکامی کی وجہ غلط پلاننگ کوقراردےدیا۔
تفصیلات کےمطابق آسٹریلیاسےشکست پرسابق کپتان مصباح الحق کاکہناتھاکہ میلبرن کےٹیسٹ میں پاکستان کی جیت یقینی تھی لیکن کھلاڑیوں نےغیرذمہ داری کامظاہرہ کیا۔جس کی وجہ سےشکست ہوئی ہے۔
لاہورمیں میڈیاسےگفتگوکرتےہوئےسابق کپتان مصباح الحق کاکہناتھاکہ بطور کپتان شان مسعود نے بہتر فیصلے کیے انہوں نےبہترین بیٹنگ کی اورسب سےبہترکارکردگی دکھائی، آسٹریلیا میں ٹیسٹ کرکٹ کے لیے کنڈیشنز مشکل ترین ہوتی ہیں کسی بھی ٹیم کے لیے وہاں پرفارمنس دینا آسان نہیں رہا۔
سابق ہیڈکوچ کامزیدکہناتھاکہ میلبرن ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم مجموعی طور پر بہتر کھیلی لیکن اہم مواقع پر چانسز ضائع ہونے سے پوزیشن خراب ہوئی، میچ کی دونوں اننگز میں دو اہم مواقع پر کیچز ڈراپ کیے گئے۔جوکہ شکست کی وجہ بنی۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اپنی سرزمین پر آسٹریلیا کو شکست دینا بہت مشکل کام ہے، پاکستان کھلاڑی بہت کم تیاری کے ساتھ سیریز کھیلنے گئے، لڑکے بھی زیادہ تجربہ کار نہیں تھے، پاکستانی ٹیم کو زیادہ اچھی تیاری کے ساتھ وہاں جانا چاہیے تھا۔
سابق کپتان کامزیدکہناتھاکہ صرف ایک ہفتے کے کیمپ کے ساتھ آسٹریلیا میں جاکر سیریز جیتنے کا صرف خواب ہی دیکھا جاسکتا ہے، پاکستان کو زیادہ اچھی تیاری اور پلاننگ کی ضرورت تھی، ماضی میں بھی ہم نے اس طرح کی وہاں جاکر سیریز کھیلی ہیں، اس کے مقابلے میں دوسری ٹیم سال ڈیڑھ سال پہلے پلاننگ کرتی ہے۔
مصباح الحق کاکہناتھاکہ آسٹریلیا کے دورے کے لیے کم از کم ایک ماہ پہلے وہاں جاکر خود کو کنڈیشنز میں ایڈجسٹ ہونے کی ضرورت ہوتی ہے، پاکستانی ٹیم کا کمبی نیشن بھی نئے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، بولنگ اٹیک میں ڈبیو ہوئے ہیں، ان سب چیزوں کو دیکھ کر پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا جانا چاہیے۔