ایک نیوز :وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے لاہورپریس کلب کے صدر اعظم چودھری اور سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا محمد عظیم نے ملاقات کی اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحافیوں کے لئے اپنی چھت کا خواب پہلے بھی پورا کیا، اب بھی کروں گا۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ سے ملاقات کے موقع پر پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سیکرٹری اطلاعات آصف بلال لودھی، پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ اقبال چودھری اور ڈی جی پی آر راؤ پرویز اختر بھی موجود تھے ۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے لاہور پریس کلب کے انتخابات میں پائینئر پینل کی کامیابی پر اعظم چودھری کو مبارکباد دی ،وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صحافی کالونی فیز 2 کیلئے اراضی جلد روڈ ا سے پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کو منتقل کر دی جائے گی ، روڈا کے حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ صحافی کالونی ہربنس پورہ میں پولیس چوکی قائم کی جا رہی ہے۔ صحافی کالونی فیز2میں پریس کلب ملازمین اور معذور و بیمار صحافیوں کو بھی پلاٹ دئیے جائیں گے۔اعظم چودھری نے اس موقع پر کہا کہ آپ صحافی برادری کے محسن ہیں۔صحافی برادری کے لئے جو کام آپ نے کئے ہیں، کوئی دوسرا وزیراعلیٰ نہیں کر سکا۔