ایک نیوز : معروف اداکار فواد خان اور اداکارہ ماہرہ خان کی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ریلیز بھارت میں غیر معینہ مدت تک ملتوی ہوگئی۔
پاکستان سمیت دنیا بھر کے سینما گھروں میں دی لیجنڈ آف مولاجٹ 13 اکتوبر کو ریلیز ہوئی تھی، جس کو آج بھارت کے کچھ سینما گھروں میں ریلیز ہونا تھا، تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق سینما گھروں میں پاکستانی فلم کیلئے کوئی تاریخ نہیں دی گئی۔
قبل ازیں بھارتی سینما مالکان نے اعلان کیا تھا بلال لاشاری کی ہدایت میں بننے والی یہ فلم بھارت کے کچھ حصوں میں ریلیز ہوگی، اعلان کے فوراََ بعد ہندو انتہا پسند راج ٹھاکرے کی سربراہی میں مہاراشٹر نونرمان سینا نے سینما مالکان کو پاکستانی فلم کی نمائش کے خلاف خبردار کیا۔
انہوں نے مختلف سینما مالکان کو خطوط بھی بھیجے جن میں زی اسٹوڈیوز، مووی ٹائم سینما، اوگسٹ انٹرٹینمنٹ اور تِلَک انٹرٹینمنٹ شامل ہیں، خط میں فلم کی ریلیز کی شدید مخالفت کی گئی۔
واضح رہے کہ بھارت میں ریلیز ہونے والی آخری پاکستانی فلم ’بول‘ تھی جس میں ماہرہ خان نے 2011 میں اداکاری کی تھی۔ اس سے پہلے 2008 میں ’رام چند پاکستانی‘ تھی۔ ’خدا کے لیے‘ جس میں فواد خان کے ساتھ نصیر الدین شاہ شامل تھے، 2007 میں آئی تھی۔