ایک نیوز: مظفر آباد کے سیاحتی مقام پیرچناسی میں برفباری کے دوران پھنس جانے والے 200 سیاحوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمان کا کہنا ہے کہ پیرچناسی کے مقام سے 200 سیاحوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ سیاحوں کے ساتھ موجود 30 ڈرائیورز کو بھی سراں کے مقام پر رہائش فراہم کر دی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری SDMA شاہد ایوب ،ڈپٹی کمشنر مظفرآباد طاہر ممتاز اور ایس ایس پی مرزا زاہد نے ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔ سرکاری مشینری کے ساتھ ساتھ مظفرآباد جیپ کلب کے رضاکاروں نے بھی برفباری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے میں مدد کی۔ تمام سیاحوں کو محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے۔
کمشنر کی جانب سے اپنے بیان میں کہا گیا ہے کہ کل سیاحوں کو پیر چناسی جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سیاحوں کے ساتھ ڈرائیوز صبح موسم ٹھیک ہوتے ہی انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق گاڑیوں کو مظفرآباد لے آئیں گے۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ شدید موسمی صورتحال میں شہری سفر کے دوران احتیاط کریں۔