ویب ڈیسک: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں ضلع کچ، پنگور اور ثوب میں انیٹلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ رات کارروائیوں میں شدید فائرنگ سے 3 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف یہ کامیاب کارروائیاں 26 اگست کو بلوچستان میں دہشت گردی واقعات کے پس منظر میں کی گئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں 14 اہلکاروں سمیت 50 افراد کو قتل کردیا تھا جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔
ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات میں نامعلوم مسلح افراد نے مستونگ، قلات، پسنی اور سنتسر میں لیویز اور پولیس تھانوں پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں متعدد اموات ہوئیں۔
سبی، پنجگور، مستونگ، تربت، بیلہ اور کوئٹہ میں دھماکوں اور دستی بم حملوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں، حکام نے تصدیق کی کہ حملہ آوروں نے مستونگ کے بائی پاس علاقے کے قریب پاکستان اور ایران کو ملانے والے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا دیا۔