ایک نیوز :گرمی کے موسم میں خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقام بابوسرٹاپ پربرفباری کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق گرمی کے موسم میں برفباری کے باعث ملک کے مشہور سیاحتی مقام پر سیاحوں کی آمد و رفت روک دی گئی ۔بابو سر ٹاپ ملک کا مشہور سیاحتی مقام ہے اور یہاں گرمی کے موسم میں بھی درجہ حرارت کم رہتا ہے۔ بابو سر ٹاپ اور ملحقہ مقامات پر ہلکی برفباری کے بعد موسم تبدیل ہو گیا۔ بابوسر ٹاپ پر برف باری کے بعد سیاحوں کی بھی موجیں لگ گئیں، علاقے میں موجود سیاح تو برفباری سے لطف اندوز ہوتے رہے، تاہم برفباری کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت کو روکنا پڑ گیا۔
موسمیاتی تبدیلی کے بعد جولائی میں بھی دو بار بابو سرٹاپ پر برفباری ریکارڈ کی گئی تھی۔
12 جون کو مانسہرہ کے سیاحتی مقام بابو سر ٹاپ جانے والی سڑک کو ہر قسم کی آمدورفت کیلئے کھولا گیا تھا،سیاحتی مقام بابو سر ٹاپ کو 8 ماہ کی بندش کے بعد سیاحوں کیلئے کھولا گیا تھا،نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق شاہراہ کاغان سے بھاری گلیشیئر اورتودے کاٹ کرسڑک کو ٹریفک کیلئے کھولا گیا۔ براستہ وادی کاغان بابو سر سے چلاس گلگت بلتستان تک روڈ بحال کیا گیا ہ تھا۔
ٹورسٹ حضرات کو ہدایت کی گئی تھی کہ بابو سر ٹاپ سڑک صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلی رہے گی، جاری کردہ دورانیہ کے علاوہ سڑک پر سفر کی اجازت نہیں ہے، سیاح حضرات پریشانی سے بچنے کیلئے انہی اوقات کے دوران بابو سر ٹاپ کے سفر کو یقینی بنائیں۔ مانسہرہ کی ٹریفک پولیس اور ٹورسٹ ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ جھلکڈ اور زیروپوائنٹ کے مقام پر سیاح حضرات کیلئے رات کے وقت سفر کی پابندی عائد رہے گی۔ کسی بھی قسم کی معلومات کیلئے ناران چوکی کے پی ٹی سی ایل نمبر 0997-430075پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔