لوڈشیڈنگ کی طرح غربت،مہنگائی بھی ختم کریں گے،مریم نواز 

لوڈشیڈنگ کی طرح غربت،مہنگائی بھی ختم کریں گے،مریم نواز 
کیپشن: Like load-shedding, poverty and inflation will also be eliminated, Maryam Nawaz

ایک نیوز:مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازکاکہنا ہے کہ پاکستان سے غربت اور مہنگائی کے اندھیرے اسی طرح ختم کریں گے جس طرح لوڈ شیڈنگ ختم کی تھی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز سے پنجاب ویمن ونگ کی عہدیداروں نے ملاقات کی ۔ملاقات میں شعبہ خواتین کے تنظیمی ڈھانچے اور سرگرمیوں کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیاگیا ۔

پارٹی اور قیادت کے اعتماد پر پورا اتریں گے،،شعبہ خواتین کی عہدیداروں نے خواتین کو نیا اعتماد اور نئے مواقع دینے پر مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا ۔

 مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کاکہنا تھاکہ پارٹی کے شعبہ خواتین نے سیاسی وجماعتی تاریخ میں ہمیشہ ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔شعبہ خواتین نے ہر سیاسی معرکے میں بہادری، نظریاتی وابستگی اور جرات کا بے مثال مظاہرہ کیا۔خواتین اور نوجوانوں کو سیاست کا ہراول دستہ بنادیا ہے۔ نوازشریف نے ہر دور حکومت میں خواتین اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع دئیے۔

مریم نواز کاکہنا تھا کہ 2013 سے 2018 کا وزیراعظم نوازشریف کا دور کم ترین مہنگائی اور تیز ترین ترقی کا دور تھا۔نوازشریف کے ہوتے ہوئے قوم کو مایوس اور ناامید ہونے کی ضرورت نہیں۔مہنگائی چار سال کے پراجیکٹ عمران کی وجہ سے ہوئی ۔لاڈلے کی خاطر نوازشریف کو نااہل نہ کیاجاتا تو آج مہنگائی نہیں پاکستان میں خوش حالی ہوتی۔قوم آج سوال پوچھے کہ نوازشریف کو اقتدار سے الگ کرکے قوم کو مہنگائی کی سزا کیوں دی ؟مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے عوام کی آنکھوں میں آنسو لانے والے مجرموں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا ہوگا۔عوام کو مہنگائی سے پھر نجات دلائیں گے،ان شاءاللہ،۔
 مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدرکامزید کہنا تھاکہ مہنگائی سے نکلنے والے قوم کے آنسوﺅں کو خوش حالی کی ہواؤں سے پونچھیں گے۔