ڈیجیٹل میڈیا کو منظم بنانے کیلئےصحافیوں کا اہم اجلاس

Aug 30, 2023 | 15:58 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز:کراچی پریس کلب میں ڈییجی میپ کے تحت ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ سینئر صحافیوں کے مشاورتی اجلاس میں   ڈیجیٹل میڈیا کو منظم بنانے کے حوالے سے اپنی آرا پیش کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا کو ریگولرائز کرنا اور ڈیجیٹل میڈیا کو صحافت کے پیشہ ورانہ اصولوں کے سانچے میں ڈھالنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار کراچی پریس کلب میں ڈیجی میب کے تحت ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ سینئر صحافیوں کے مشاورتی اجلاس میں شرکا نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
مشاورتی اجلاس کی صدارت سینئر جرنلسٹ اور Digital Media Alliance for Pakistan کے بانی رہنما سبوخ سید نے کی جبکہ اجلاس میں کراچی پریس کلب کے سیکرٹری جنرل شعیب خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف ڈیجیٹیل میڈیا آؤٹ لیٹس سے وابستہ صحافیوں اور  کنٹینٹ کریئیٹرز نے شرکت کی اور ڈیجیٹل میڈیا کو منظم بنانے کے حوالے سے اپنی آرا پیش کیں۔
سینئر جرنلسٹ سبوخ سید نے ڈیجی میپ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس وقت صحافت روایتی اسلوب سے بہت مخلتف ہوگئی ہے اور اس نے صحافت کے پورے روایتی شعبے کیلئے بڑے چیلنج کھڑے کر دیے ہیں۔
سبوخ سید نے کہا کہ ابلاغیات کی دنیا میں اب ڈیجیٹل میڈیا بہت زیادہ اہمیت اختیار کرچکا ہے، جس کا ادراک حکومتوں کو بھی ہے، چنانچہ حکومتیں ڈیجیٹل میڈیا کیلئے پالیسز بھی بناتی ہیں، مگر فیصلہ سازی کی سطح پر ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ ورکنگ جرنلسٹس کی نمائندگی نہ ہونے کے باعث اس میڈیم کے جرنلسٹس کے مسائل اور حقوق نظر انداز کردیے جاتے ہیں۔
اجلاس کے شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ڈیجیٹل میڈیا کو ریگولرائز اور منظم کرنا ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافیوں کی ہی ضرورت نہیں بلکہ اس سے ڈیجیٹل میڈیا کے صحافتی اصولوں اور اخلاقیات کی روشنی میں استعمال کو فروغ ملے گا اور ڈیجیٹل میڈیا کی بے سمتی سے معاشرے میں جو سیاسی، سماجی اور مذہبی پہلوؤں سے انتشار پھیل رہا ہے، اس کے سدباب میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں