ایک نیوز: چار دہائیوں سے انڈیا میں مقیم پاکستانی نژاد خاتون قمر محسن شیخ انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی کو تقریباً 30 سال سے راکھی باندھ رہی ہیں۔
راکھی کے تہوار میں روایتی طور پر بہنیں اپنے بھائیوں کو راکھی باندھتی ہیں اور بھائی ان کی تاعمر حفاظت کرنے کا وعدہ کرتا ہے۔
قمر محسن شیخ کے مطابق ان کا مودی کے ساتھ بہن بھائی کے طور پر قربت کا آغاز سنہ 1995 میں گجرات کے گورنر سوروپ سنگھ کی الوداعی تقریب میں ہوا تھا۔
احمد آباد میں ہونے والی اس تقریب میں نریندر مودی بھی موجود تھے، جو اس وقت آر ایس ایس کے ایک معمولی کارکن تھے۔
قمر کے شوہر ایک مصور ہیں اور ان کی نمائشوں کا افتتاح انڈیا کی کئی معروف شخصیات نے کیا ہے، جن میں سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی، آئی کے گجرال، لال کرشن ایڈوانی اور خشونت سنگھ بھی شامل ہیں۔
قمر تب سے ہر سال مودی کو راکھی باندھتی ہیں، یہاں تک کہ کووڈ کے دوران جب آمدورفت مشکل تھی تو وہ ڈاک کے ذریعے وزیراعظم مودی کو راکھی بھیجتی تھیں۔
وہ کہتی ہیں مودی کے لیے ان کی تمام دعائیں قبول ہوئی ہیں۔