ایک نیوز: پاکستان انڈر 16 فٹبال ٹیم کو ساف چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے وزارت داخلہ کی جانب سے این او سی جاری کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق این او سی کے اجراء میں سابقہ حکومت کی معاون خصوصی شزا فاطمہ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔شزا فاطمہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزارت داخلہ کی شکر گزار ہوں کے اس وقت این او سی جاری کر دیا گیا، امید ہے صبح بین الصوبائی رابطہ کی وزارت معاملہ کلیئر کردے گی۔ قومی ٹیم پہلی دستیاب پرواز سے بھوٹان روانہ ہو گی،قومی ٹیم کا پہلا میچ یکم ستمبر کو میزبان بھوٹان کے ساتھ ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان فٹبال ٹیم کو 29 اگست کو لاہور سے بھوٹان روانہ ہونا تھا لیکن این او سی نہ ملنے کی وجہ سے پاکستانی ٹیم بھوٹان روانہ نہیں ہو سکی تھی۔ این او سی ملنے میں تاخیر کی وجہ سے پی ایف ایف نے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا کہہ دیا تھا۔ تاہم سوشل میڈیا پر فینز کے احتجاج کے بعد شزا فاطمہ نے معاملے میں کردار ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق این او سی کے اجراء کے باوجود پاکستان انڈر 16 ٹیم کی ساف چیمپئن شپ میں شرکت مشکل ہے۔ذرائع کا کہناہے کہ لاہور سے بھوٹان سفر کیلئے فلائٹس کے محدود آپشن کی وجہ سے فٹبال فیڈریشن کو چیلنج رہے گا۔