ایک نیوز: بجلی کے زائد بلوں اور مفت یونٹس کی فراہمی کا معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچ گیا۔ بجلی کے زائد بلوں اور مخصوص طبقے کو مفت بجلی فراہمی کیخلاف شہری سعیدہ بیگم نے درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تمام محکموں کے افسران کو بجلی کے مفت یونٹس کی فراہمی فوری روکنے کا حکم دیا جائے۔ عدلیہ اور ارکان پارلیمان کو بھی مفت بجلی اور پٹرول کی سہولت کالعدم قرار دی جائے۔ بجلی کے بلوں پر عائد ٹیکس کالعدم قرار دیتے ہوئے آئی پی پیز سے ریکوری کی جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابقہ حکومت نے آئی پی پی بورڈز کو بجلی پر ٹیکس سے استثنی دیا، بجلی کے محکمہ میں کام کرنے والے بھی تنخواہ لیتے ہیں، عوام کی سہولت کیلئے بجلی کے بنائے گئے سلیب بحال کیے جائیں، آئین تمام شہریوں کو یکساں سہولیات کی فراہمی یقینی بناتا ہے، درخواست گزار کو بجلی کا 54 ہزار سے زائد کا بل آیا، تمام وسائل کے باوجود درخواست گزار بجلی کا بل ادا کرنے سے قاصر ہے۔