ایک نیوز: پنجاب حکومت نے سٹیج ڈراموں کی آڑ میں فحش اور بیہودہ مجرے بند کرنے کیلئے ڈانس پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ اس حوالے سے ایک 7 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سٹیج ڈراموں کی آڑ میں فحش اور بیہودہ مجرے بند کرنے کے لیے حکومت پنجاب نے بڑا فیصلہ کرلیا۔ نگران وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے ڈرامیٹک پرفارمنس ایکٹ 1876 سمیت تمام متعلقہ قوانین میں ترامیم کی ہدایت کردی۔
صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت کی ہدایت پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس کی سربراہی میں 7 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
عامر میر نے بتایا ہے کہ کمیٹی 7 دن کے اندر 150 برس پرانے قوانین پر نظر ثانی کے بعد ترامیم تجویز کرے گی۔ مجوزہ ترامیم کی منظوری پنجاب کابینہ کے آئندہ اجلاس میں لی جائے گی۔ سٹیج ڈراموں میں ڈانسز پر مکمل پابندی کی تجویز دی جا رہی ہے۔ ڈرامیٹک پرفارمنس ایکٹ سمیت تمام قوانین میں ترامیم کا مقصد تھیٹر کو بچانا ہے۔
یاد رہے کہ پنجاب کونسل آف آرٹس ایکٹ 1975 کی شق 15 کونسل کو ایسے قوائد و ضوابط کی تیاری کا اختیار دیتی ہے جو ایکٹ کی تمام دفعات پرموثر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
عامر میر نے مزید کہا کہ سٹیج ڈراموں میں فحش مجرے معاشرے کو اخلاقی تباہی کی جانب لے جا رہے تھے۔ نوجوان نسل کو تباہی سے بچانے اور حقیقی تھیٹر کے احیاء کے لیے حکومتی مداخلت ناگزیر تھی۔ سٹیج ڈراموں اور تھیٹرز بارے سخت اقدامات اپنی ثقافت اور پرفارمنگ آرٹ کے تحفظ کے لیے ہیں۔ حقیقی فنکاروں نے تھیٹرز میں فحاشی روکنے کے حکومتی فیصلے کی حمایت کی ہے۔اب تھیٹرز تہذیب اور اخلاق کے دائرے میں رہ کر ہی چل پائیں گے۔ حکومت اس معاملے میں پرعزم ہے اور بلیک میل نہیں ہوگی۔