ایک نیوز: امریکا کے شہر نیو یارک سٹی میں میئر کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائن کے تحت لاؤڈ اسپیکر پر اذان دی جا سکے گی۔
رپورٹ کے مطابق نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا ہے کہ نئے قوانین کے تحت مساجد کو جمعے کے دن اوررمضان کے مہینے میں مغرب کے وقت لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے کیلئےکسی خصوصی اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہوگی۔مئیر کے اس اعلان کو مسلمان کمیونٹی نے بڑے پیمانے پر سوشل میڈیا پر شئیر کر کے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
نیویارک سٹی کے میئر کا کہنا ہےکہ محکمۂ پولیس کا کمیونٹی افیئرز بیورو مساجد کے ساتھ مل کر نئےرہنما خطوط پر بات چیت کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اذان کو نشر کرنے کیلئے استعمال ہونے والے آلات مناسب" ڈیسیبل لیول" پر سیٹ ہوں۔
میئر کے دفتر نے کہا کہ مساجد اورعبادت گاہیں، 10 ڈیسیبل تک محیط آواز کی سطح پر اذان نشر کر سکتی ہیں۔ایرک ایڈمز نے مسلم رہنماؤں کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا "بہت عرصے سے یہ احساس رہا ہے کہ ہماری کمیونٹیز کو نماز کے لیے اپنی اذانوں کو با آواز بلند نشر کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ "آج ہم واضح طور پر کہہ رہے ہیں کہ مساجد اور عبادت گاہیں بغیر کسی اجازت نامےکے جمعہ کو اور رمضان کے دوران اذان دینے کے لیے آزاد ہیں۔"
انہوں نےمزید کہا کہ جب تک وہ شہر کے میئر ہیں اس وقت تک نیویارک کے مسلمان امریکی خواب سے دور نہیں رہیں گے۔ لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے کی اجازت پر کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کے نیویارک چیپٹر کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عفاف نشہر نے کہا ہے کہ " اذان کی آواز صرف اذان ہی نہیں۔ یہ اتحاد، عکاسی اور برادری کی دعوت ہے۔"
انہوں نے کہا کہ مِیئر کے اقدام سے افہام و تفہیم میں اضافے میں مدد ملے گی۔