امریکی قائم مقام وزیرخارجہ کابروقت آزاد انہ اورمنصفانہ انتخابات پرزور

امریکی قائم مقام وزیرخارجہ کابروقت آزاد انہ اورمنصفانہ انتخابات پرزور
کیپشن: امریکی قائم مقام وزیرخارجہ کابروقت آزاد انہ اورمنصفانہ انتخابات پرزور

ایک نیوز: سینیئر امریکی سفارت کار وکٹوریہ نولینڈ نے منگل کو پاکستانی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے بات چیت کی اور ’بروقت، آزاد انہ اور منصفانہ انتخابات‘ کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔

خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی قائم مقام نائب وزیر خارجہ وکٹوریہ نولینڈ اور پاکستانی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے پاکستان کے قوانین اور آئین کے مطابق بروقت، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی اہمیت پر بات چیت کی۔

 ماہ کے آغاز میں الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ تازہ ترین مردم شماری کی بنیاد پر نئی حلقہ بندیوں کو 14 دسمبر تک حتمی شکل دے دی جائے گی۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کی تصدیق کرے گا۔

محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ وکٹوریہ نولینڈ اور جلیل عباس جیلانی نے پاکستان کے معاشی استحکام اور آئی ایم ایف کے ساتھ مسلسل رابطوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وکٹوریہ نولینڈ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پاکستانی نگران وزیر خارجہ کو مبارک دی۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات اور پاکستان کے اقتصادی استحکام، سلامتی اور خوشحالی کے لیے  مشترکہ وابستگی کو بھی سراہا۔

وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور امریکی قائم مقام نائب وزیر خارجہ وکٹوریہ نولینڈ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ کی تصدیق کی ہے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ  وکٹوریہ نولینڈ نے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کو ان کی  تقرری پر مبارکباد دی، ٹیلی فونک گفتگو میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید بڑھانے اور تمام شعبوں میں پاک امریکہ مذاکرات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔