ایک نیوز: شہدائے پاکستان کو سلام، تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی وطن کی مٹی نے پکارا،ہمارے جوانوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر لبیک کہا۔
سپاہی نعمان خان شہید بے باک، نڈر اور وطن پر مر مٹنےکا عزم رکھنے والے جانباز مجاہد تھے جنہوں نے وطن عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا۔ سپاہی نعمان خان شہید 9 جولائی 2023 کو ضلع جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔
سپاہی نعمان خان شہید نے سوگواران میں والد،والدہ، دو بہنیں اور ایک بھائی چھوڑے۔ سپاہی نعمان خان شہید کی شہادت پر ان کے لواحقین نے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔
شہید کے والد نے کہا ہے کہ میرے بیٹے نعمان کو شوق تھا پاک فوج میں شمولیت اختیار کریں۔ میرے بیٹے نے وطنِ عزیز کا دفاع کرتے ہوئے شہادت پائی ہے۔ "ہمیں فخر ہے کہ نعمان خان کو شہادت کا عظیم رتبہ ملا ہے"۔
شہید کی والدہ کا کہنا ہے کہ "نعمان کی تصویریں دیکھتی ہوں تو دل کرتا ہے کہ وہ میرے پاس آ جائے"۔ "میرا بیٹا شیر جیسا بہادر تھا"۔ "نعمان نے ایک بہترین زندگی گزاری ہے، کبھی والدین سے تلخ کلامی نہیں کی، سب بہن بھائیوں کیساتھ اچھا سلوک کرتا تھا"۔
شہید کے دوست نے کہا ہے کہ "سپاہی نعمان خان شہید کی سب سے اچھی بات یہ تھی کہ اس نے کبھی گاؤں میں لڑائی جھگڑے کی بات نہیں کی تھی"۔ "نعمان نے ہمیشہ اپنے خاندان کی دیکھ بھال کی ہے اور شہادت کی بھر پور خواہش رکھتا تھا"۔
سپاہی نعمان خان شہید وطن عزیز کے دفاع کی خاطر جان کا نظرانہ پیش کر کے آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بن گئے۔