بجلی کی قیمت میں 4 یا 10 روپے کمی سے استحکام نہیں آئے گا، جاوید لطیف

Aug 30, 2023 | 12:06 PM

ایک نیوز: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عوام میں بہت غصہ ہے۔ ایسا نہیں ہوسکتا کہ مفت بجلی کوئی استعمال کرے اور بھرے کوئی۔ بجلی کی موجودہ قیمت میں 4 روپے یا 10 روپے کمی سے بھی ملک بھی استحکام نہیں آئے گا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر جاوید لطیف لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہر گھر میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔ ملک بھر میں بجلی کے بلوں کا رونا رویا جا رہا ہے۔ جب تک اس سازش اور نالائقی  کے پیچھے ذمہ داروں کو سامنے نہیں لایا جائے گا ملک میں استحکام نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ آپ جڑانوالہ واقعہ میں مذہبی سازشوں کو بے نقاب کر سکتے ہیں۔ اسی طرح ملک اور ریاست کے خلاف سازشوں کو بے نقاب کرنا ہو گا۔ آپ پاکستان کے اندر ایسے فیصلے جن سے ریاست کو نقصان پہنچ رہا ہے عوام کے سامنے لانا ہوں گے۔ 

انہوں نے بتایا کہ جب پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کو ختم کیا گیا تو 600 ارب گردشی قرضے تھے۔ عمران خان 2400 ارب کے گردشی قرضوں کو چھوڑ کر گیا ہے۔ 16 ماہ کی قومی حکومت تھی جس میں باقی سب جماعتیں بھی ساتھ تھیں۔ آج قوم کسی طور بھی معاف کرنے کو تیار نہیں ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ مفت بجلی استعمال کوئی کرے اور بھرے کوئی ایسا نہیں ہوسکتا۔ آج پاکستانی عوام کے غصے کو ٹھنڈا نہیں کیا جا سکتا جب تک سازشی عناصر کو سامنے نہ لایا جائے۔ کیسے ممکن ہے کہ آپ سارے لوگوں کا قصور اٹھا کر مسلم لیگ ن پر ڈال دیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ ن نے 2013 میں سستی بجلی پیدا کی۔ مجھے کوئی سروکار نہیں کون رہا ہوتا ہے کون اس کو سہولت کاری کرتا ہے۔ جس شخص نے  آکر سسستی بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ سازی کی۔ پونے چار سال اس شخص کو سازش کے تحت کام نہ کرنے دیا۔ ان سازش کرنے والوں کو قوم کے سامنے نہ لایا گیا تو ناانصافی ہو گی۔ جو کردار ماضی قریب کہ ہیں اور پاکستان کی تباہی کر دی ان کو پکڑا جائے۔ 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ 75 سالوں میں آج تک پاکستان میں اتنی درخواستیں کسی کے لیے عدالتوں میں نہیں گئیں۔ پہلے چیف جسٹس عدالت میں ہلکان تھے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین کو جلد سے جلد باہر کیوں نہیں لایا جا رہا اندر گرمی بہت ہے۔ آپ کے فیصلوں کی وجہ سے کوئی تاحیات نااہل ہو جائے اور انصاف دینے والی قابل احترام شخصیت قاضی عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کہا جا رہا ہے نواز شریف پاکستان آئے اور قانون کو فیس کریں۔ کیا ذوالفقار علی بھٹو سے انصاف ہوا تھا؟ کیا نواز شریف کے تمام آڈیو ویڈیو سے سازش بے نقاب ہو چکی۔ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے کردار بے نقاب ہو چکے ہیں؟ آپ آج بھی ان کرداروں کو عدالت کے کٹہرےمیں کھڑا کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ تو آج 10 روپے یا 4 روپے بجلی کے کم کرنے سے بھی پاکستان میں استحکام نہیں آنے والا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی ادروں کے جو سربراہان ہیں۔ ان کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو عوام کے سامنے لایا جائے۔ ہمارا حق ہے ہم ریاستی اداروں سے کہیں کہ جو پاکستان کے محسنوں کے خلاف سازشوں کا حصہ ہیں ان کو بے نقاب کیا جائے۔ 2017 کے کرداروں کو بھی عوام کے سامنے لایا جائے۔

مزیدخبریں