ایک نیوز: راولپنڈی میں خاتون ٹیچر سے ڈکیتی کرنیوالے دونوں سگے بھائی نکلے،دونوں نے نہتی خاتون کے کانوں سے بالیاں نوچ لیں اور سر میں لاتیں مارتے رہے۔ ایک ڈاکو پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں دو روز قبل ڈاکو خاتون ٹیچر سے گن پوائنٹ پر نقدی زیورات اور موبائل فون لے کر فرار ہو گئے تھے،رات گئے تھانہ وارث خان کے علاقے میں پولیس نے ایک مشکوک موٹر سائیکل کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر وہ موٹر سائیکل سوار 2 شخص نہ رکے اور پولیس پر فائرنگ کر دی ۔
پولیس کی جوابی فائرنگ پر ایک ڈاکو کو گولی لگ گئی جس کی شناخت حمزہ کے نام سے ہوئی جس کے قبضہ سے پسٹل اور زیر استعمال موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔زخمی ہونے والا ڈاکو خاتون ٹیچر کو لوٹنے میں بھی ملوث تھا۔
خاتون ٹیچر کو لوٹنے والے دونوں بھائی ہیں،گرفتار ڈاکو نے ابتدائی تشویش میں 2 روز قبل تھانہ وارث خان کے علاقے میں خاتون ٹیچر کو بھی لوٹا تھا۔زخمی ڈاکو کو ہسپتال شفٹ کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اور ساتھی کی گرفتاری پولیس کے لئے ایک چیلنج تھی،سی پی او سید خالد ہمدانی نے خاتون ٹیچر سے واردات کے واقعہ پر نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا،فائرنگ کے باوجود بہادری سے فرائض سر انجام دیتے ہوئے مطلوب ڈاکو کی گرفتاری پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی راول، ایس ڈی پی او/ایس ایچ او وارث خان اور ٹیم کو شاباش دی،فرار ڈاکو بھی جلد گرفتار کرنے اور ملزمان کو قرارواقعی سزا دلوانے کی ہدایت کردی۔