ایک نیوز: نگران حکومت نے دیگر ممالک کے ساتھ معاہدوں پر مذاکرات کا اختیار حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا، اس سلسلہ میں کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی کمرشل ٹرانزیکشنز تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی کی تشکیل اور ٹی او آرز کی منظوری دیدی، کابینہ سے کابینہ ڈویژن کی سمری کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی۔
کابینہ کمیٹی بین الحکومتی کمرشل ٹرانزیکشنز کی سربراہ وزیر خزانہ ہوں گی، بیرونی ممالک کے ساتھ حکومتی سطح پر معاہدوں پر مذاکرات کمیٹی کے ٹی او آرز میں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی او آرز کے مطابق جی ٹو جی معاہدوں کیلئے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی جا سکے گی، کمرشل ٹرانزیکشنز پر فوری عمل کیلئے ضروری فیصلوں کا اختیار ہو گا۔
ٹی او آرز کے مطابق کابینہ کمیٹی کےفیصلوں کی منظوری وفاقی کابینہ سے لینا ہو گی، کابینہ کمیٹی بین الحکومتی کمرشل ٹرانزیکشنز میں وزیر تجارت و صنعت پیداوار شامل ہوں گے، مواصلات، پاور اینڈ پٹرولیم، قانون کے وفاقی وزراء کمیٹی ارکان کا حصہ ہوں گے۔