کالام: غیرقانونی تعمیرات کی اجازت، آرمی چیف کا کارروائی کا مطالبہ

کالام، غیرقانونی ،تعمیرات ،اجازت، آرمی چیف ،کارروائی کا مطالبہ
کیپشن: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، فائل فوٹو

ایک نیوز نیوز: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوات میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور کالام سمیت دیگر علاقوں میں ریلیف آپریشن کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ 

آرمی چیف نے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے کالام سے منتقل کردہ متاثرین سے ملاقات کی۔ بعد ازاں آرمی چیف نے کانجو کینٹ ہیلی پیڈ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی۔

ان کا کہنا تھا کہ دوست ممالک سے امداد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ پہلے بھی اور اب بھی پاکستان کو کبھی چین سمیت دیگر دوست ممالک نے تنہا نہیں چھوڑا۔ اس کے علاوہ اوورسیز پاکستانیوں کا رسپانس بہت اچھا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ریلیف اور ریسکیو آپریشن جلدی مکمل ہوجائے گا لیکن بحالی کے لیے ابھی وقت درکار ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں بڑے پیمانے پر لوگوں کو گھر بنا کر دینے پڑیں گے، اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں بھی گھر بنانے پڑیں گے۔ مشکلات ہوتی ہیں تو مواقع بھی ہوتے ہیں جس کے لیے حکومت منصوبہ بندی کررہی ہے۔ سیلاب متاثرین کو پکے گھر بنا کر دیے جائیں گے۔ 

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں 4،4 فٹ پانی کھڑا ہے اور بلوچستان میں گاؤں کے گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ چکے ہیں۔ آرمی چیف نے مطالبہ کیا کہ غیرقانونی تعمیرات کی دوبارہ اجازت دینے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔