ایک نیوز : تحریک انصاف کو ناصر باغ تک ریلی کی اجازت مل گئی ،ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے باقاعدہ اجازت نامے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی سے حلف لینے کے بعد اجازت دی گئی ،ریلی کی اجازت دن ایک بجے سے شام چھ بجے تک ہو گی۔ ریلی کے لیے استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے۔ ریلی انتظامیہ سٹیج، خواتین اور تمام انکلوژز کی سیکورٹی کی ذمہ دار ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریلی انتظامیہ تمام متعلقہ علاقے میں بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنائے گی۔ عدلیہ اور اداروں کی خلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی۔ سیکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے فوکل پرسن اور پی ٹی آئی ذمہ داران متعلقہ سیکیورٹی اور ضلعی انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں گے۔ ٹریفک میں خلل نہ ڈالنے اور رواں دواں رکھنے کیلئے پی ٹی آئی ذمہ داران ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کیساتھ مکمل تعاون کریں گے۔
ریلی کے دوران کسی صورت میں پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں پی ٹی آئی کی متعلقہ انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔ ساؤنڈ سسٹم کے استعمال سے متعلق متعلقہ قانون کی پاسداری کی جائے گی۔ پی ٹی آئی رضا کار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ پی ٹی آئی ریلی کے باعث کسی بھی جگہ کارروباری مراکز کو بند کرنے اور نقصان پہنچانے کی اجازت ہر گز نہ ہوگی۔ ریلی میں کارکنوں اور تمام متعلقہ افراد ڈنڈے، یا اس سے متعلقہ کوئی چیز ساتھ نہیں لاسکیں گے۔ ریلی کے دوران کسی کے بھی جذبات احساسات مجروح نہیں ہوں گے۔
حکومت کی طرف سے اجازت نامے میں کہا گیا کہ جلسہ گاہ اور اطراف میں کسی بھی قسم کے اسلحہ کے نمائش کی اجازت نہیں ہو گی۔ ریلی میں شامل افراد کے لیے مناسب پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا۔ دوسرے اضلاع سے آنے والے شرکاء لاہور انتظامیہ کی تمام شرائط پرعمل کریں گے۔ ریلی روٹ پر کسی بھی طرح وال چاکنگ نہیں ہوگی۔ زبردستی کسی کو جلوس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔