ایک نیوز :وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ الحمد للہ اس سال گندم کی گزشتہ 10سال کی نسبت شاندار فصل ہوئی۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سیلاب، معاشی مشکلات کے باوجود کسانوں کو بروقت کھاد فراہم کی ، معاشی مشکلات کے باوجود کسانوں کو معیاری بیج، کسان پیکیج فراہم کیا ، ملکی ضروریات پوری ہونے کے بعد گندم برآمد کرنا ہدف ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سرکاری سطح پر گندم کی خریداری پر جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ سال حکومت اس سے بھی زیادہ پیداوار کیلئے حکمت عملی مرتب کر رہی ہے، گزشتہ نا اہل حکومت کی بد انتظامی کی وجہ سے پاکستان گندم در آمد کرنے والا ملک بن گیا، گزشتہ حکومت نے کسانوں کو کھاد کیلئے پورا پورا دن لمبی قطاروں میں کھڑا رکھا، صوبائی و وفاقی محکمے براہ راست کسانوں سے گندم خریدیں تاکہ کاشت کار کو بھرپور فائدہ پہنچے۔
وزیرِ اعظم نے تمام صوبائی اور وفاقی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ گندم خریداری کا اپنا ہدف بڑھائیں تاکہ پورا سال گندم کی بلاتعطل فراہمی ممکن ہو اس کے ساتھ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنانے کا بھی کہا۔