ایک نیوز: پاکستان ٹیلی ویژن نے پی ٹی وی فلکس کے نام سے ایپ شروع کردی ہے جس پر شائقین پرانے ڈرامے اور دیگر پروگرامز باآسانی دیکھ سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی ویژن نے ہفتہ کو اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں بتایا کہ پی ٹی وی فلکس کا باضابطہ آغاز کردیا گیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تیز رفتار اسٹریمنگ کے میدان میں پی ٹی وی کو مسابقتی برتری فراہم کرنا ہے، اس ایپ کی بدولت صارفین کو کلاسک ڈراموں، سٹ کامز اور سیریلز کے علاوہ گوگل اور ایپل کی ایپلی کیشنز پر موجود مواد فراہم ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق منصوبے کی تجویز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پیش کی تھی، وہ پاکستان ٹیلی ویژن کی پرانی یادوں اور جدید ترین مواد کو سبسکرائبرز تک پہنچانے کیلئے ڈیجیٹل لائبریری کا قیام چاہتی تھیں۔