ٹوئٹرنےصارفین کیلئے نئی پالیسی متعارف کرادی

Apr 30, 2023 | 05:38 AM

ایک نیوز:سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے ایلون مسک کی پالیسی پر عملدرآمد شروع کردیا تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو جاری کیے گئے بلیو ٹِک ہٹانا شروع کردئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ٹوئٹر نے یہ بلیو ٹک صحافیوں، سرکاری عہدیداروں، تنظیموں، مختلف اداروں اور شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ دیگر نامور شخصیات کے اکاؤنٹس کی تصدیق کے بعد مفت جاری کئے تھے۔
ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدنے کے بعد سے صارفین کے بلیو ٹک ہٹانا بہت بڑی تبدیلی ہے۔
ٹوئٹر کی نئی پالیسی کے مطابق معروف امریکی گلوکارہ بیونسے، فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سمیت بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے نامور اداکاروں کے اکاؤنٹس سے بھی بلیو ٹک ہٹا دیا گیا ہے۔
نئی پالیسی کے شکار ہونے والی اہم بھارتی شخصیات میں شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، عالیہ بھٹ، پریانکا چوپڑا اور کرکٹر ویرات کوہلی کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔
مائیکرو سافٹ کے بانی اور ارب پتی شخصیات کی فہرست میں شامل بل گیٹس کے اکاؤنٹ سے بھی ٹوئٹر نے بلیو ٹک ہٹا دیا ہے۔
واضح رہے کہ چند ایسی بھی شخصیات ہیں جن کی ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن فیس ایلون مسک خود ادا کر رہے ہیں، ان میں امریکی مصنف اسٹیفن کنگ، امریکی باسکٹ بال کھلاڑی لیبران جیمز اور کینیڈین اداکار ولیم شینٹر شامل ہیں۔
ٹوئٹر کے اس اقدام کے باعث بلیو ٹک ہٹ جانے سے کسی بھی اکاؤنٹ کے اصلی ہونے کا اندازہ لگانا مشکل ہوگیا ہے۔
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے11 اپریل کو ٹویٹ کیا تھا کہ20 اپریل کو تمام اکاؤنٹس سے بلیو ٹک کی سہولت واپس لے لی جائے گی۔
ایلون مسک نے اعلان کیا تھا کہ بلیو ٹک حاصل کرنے کیلئے سبسکرپشن لینا پڑے گی جس کیلئے ماہانہ یا سالانہ فیس ادا کرنا ہوگی۔ بلیو ٹِک مارک انہی اکاؤنٹس کو جاری کیا جائے گا جنہوں نے ٹوئٹر بلیو کے تحت سبسکرپشن پلان حاصل کیا ہو۔
ٹوئٹر نے ہر ملک کے صارفین کیلئے سبسکرپشن پلان کی فیس مختلف رکھی ہے، امریکا میں رہنے والے صارفین کو آئی او ایس یا اینڈرائیڈ موبائل فونز پر ماہانہ11 ڈالر یا سالانہ114.99 ڈالر ادا کرنا ہوں گے جبکہ ویب پر استعمال کیلئے 8 ڈالر ماہانہ اور84 ڈالر سالانہ فیس ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی صارفین کو سالانہ پلان کیلئے23 ہزار700 روپے اور ماہانہ پلان کیلئے 2 ہزار250 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

مزیدخبریں