ایک نیوز: ہنگو کی مسجد میں ہونے والے دھماکے سے قبل پولیس کا دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ ہوا، جس کی وجہ سے نمازی بھاری جانی نقصان سے محفوظ رہے۔
ذرائع کے مطابق گاڑی میں سوار 2 خودکش حملہ آور مسجد میں داخل ہونے کے لیے پہنچے تھے، جہاں ڈیوٹی پر موجود پولیس اہل کاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور مسجد سے باہر ہلاک کردیا گیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں 2 پولیس اہل کار زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کی آواز سن کر بیشتر نمازی مسجد سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے جب کہ اسی اثنا میں دوسرا خودکش حملہ آور مسجد میں گھسنے میں کامیاب ہوگیا۔اگر حملہ آوروں کو بروقت نہ روکا جاتا تو بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا ندیشہ تھا کیوں کہ دھماکے کے وقت 30 سے زائد نمازی مسجد میں موجود تھے۔ فائرنگ کے تبادلے کی وجہ سے نمازی ہوشیار ہوگئے اور خود کو محفوظ کرلیا۔