پاکستان ٹیم کو بھارت، بھارت کو پاکستان میں ہمیشہ پذیرائی ملی: ذکا اشرف

پاکستان ٹیم کو بھارت، بھارت کو پاکستان میں ہمیشہ پذیرائی ملی: ذکا اشرف

ایک نیوز: ذکا اشرف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کا بھارت پہنچے پر شاندار استقبال کرنے پر بھارت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ 

رپورٹ کے مطا بق پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بھارت آمد پر زبردست استقبال ہوا۔دونوں ملکوں کی عوام ایک دوسرے کے کھلاڑیوں سے کتنی زیادہ محبت کرتے ہیں جس کی ایک جھلک حیدرآباد دکن ائرپورٹ پر نظر آئی ہے۔ پاکستان کے شاندار استقبال پر ذاتی طور پربھارت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ذکا اشرف نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کرکٹ کے میدان میں اترتے ہیں تو یہ دونوں کرکٹ کے روایتی حریف کے طور پر ہی نظر آتے ہیں دشمن کے طور پر نہیں۔ ذکا اشرف نے کہا کہ امید ہے کہ پورے ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی کرکٹرز کو اسی طرح پذیرائی ملے گی اور بھارتی شائقین کو پاکستانی کرکٹرز کی طرف سے بہترین کرکٹ بھی دیکھنے کو ملے گی۔
ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم جب بھی بھارت گئی ہے وہاں کے لوگوں نے اس کا والہانہ استقبال کیا ہے اسی طرح بھارت کی ٹیم جب بھی پاکستان آئی ہے اسے یہاں ہمیشہ پذیرائی ملی ہے۔ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جس نے ہمیشہ دونوں ملکوں کے درمیان محبت اور دوستی کے ُپل کا کردار ادا کیا ہے ،دونوں ملکوں کے کرکٹرز ایک دوسرے کے یہاں ہمیشہ مقبول اور پسندیدہ رہے ہیں۔

ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی کرکٹ ہمیشہ سے دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بھارت اور پاکستان کرکٹ کو ایشیز سے بھی بڑھ کر سمجھا جاتا ہے۔ ذکا اشرف نے کہا کہ وہ اس بات کے خواہشمند ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ کرکٹ روابط بحال ہوں تاکہ دونوں ملکوں کے کروڑوں کرکٹ شائقین کو ان کرکٹرز کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے۔