پاک افغان سرحد پرکالعدم تنظیم کی حملے کی ناکام کوشش،3دہشتگرد ہلاک

پاک افغان سرحد پرکالعدم تنظیم کی حملے کی ناکام کوشش،3دہشتگرد ہلاک
کیپشن: پاک افغان سرحد پرکالعدم تنظیم کی حملے کی ناکام کوشش،3دہشتگرد ہلاک

ایک نیوز: سکیورٹی فورسز نے کالعدم تنظیم کی ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب حملے کی کوشش ناکام بنا کر 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں نے گزشتہ روز ژوب کے علاقے سمبازہ میں پاکستان حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی ۔اس دوران سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے تین دہشتگرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔دہشتگردوں کو پاک سرزمین سے دور رکھنے کی کوشش کےدوران مادر وطن کے 4 جوان شہید ہوگئے۔شہدا میں حوالدار ستار،لانس نائیک شیر اعظم،لانس نائیک عدنان اور سپاہی ندیم شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  سیکیورٹی فورسز نے  ملک  میں امن و ترقی کیلئے دشمنوں کے عزائم ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے،پاکستان متعدد بار افغان حکام سے اپنی سرزمین   پاکستان کیخلاف دہشتگردی میں استعمال ہونے سے روکنے کا مطالبہ کر چکا ہے۔

نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی 

نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے ژوب میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان داخلے کی کوشش ناکام بنا دی،پاک فوج نے جوابی کارروائی میں 3دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا،نگران وزیر داخلہ نے شہید ہونے والے جوانوں کے بلند درجات کیلئے دعا اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے جذبہ حب الوطنی کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے،پاکستانی قوم اپنے فوجی جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،ارض پاک پر موجود ایک ایک دہشت گرد اور ملک دشمن کا صفایا کریں گے،دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان میں  امن اور خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کرسکتیں۔

لیگی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے افغانستان سے دہشت گردوں کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا نے پر افواج پاکستان کو سلام کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے قابل فخر بیٹوں حوالدار ستار، لانس نائیک شیر اعظم، لانس نائیک عدنان اور سپاہی ندیم کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے ،مریم نواز شریف نے شہداءکے اہل خانہ سے ہمدردی اور اظہار تعزیت  بھی کی اور کہاکہ قوم کو اپنی افواج اور شہدا پر فخر ہے،دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان آہنی عزم اور بے مثال بہادری سے لڑ رہا ہے،دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان نے عظیم ترین قربانیاں دی ہیں۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے قابل مذمت ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بہ شانہ ہے،مریم نواز شریف نےشہداءکے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا بھی کی۔