ایک نیوز: مستونگ میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت62 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق مستونگ میں مدینہ مسجد کے قریب عید میلادالنبی جلوس کے قریب خود کش دھماکہ ہوا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکےمیں اب تک ڈی ایس پی سمیت 30افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔دھماکے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ناکہ بندی کر کے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مدینہ مسجد سے جمع ہونے کے بعد لوگوں نے جلوس میں شرکت کرنا تھا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں جہاں سے زخمیوں کو نواب غوث بخش اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ ایس ایچ او سٹی جاوید لہڑی کا کہنا ہے کہ دھماکہ الفلاح روڈ پر بازار میں ہوا، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
حکام کے مطابق مستونگ کے اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دھماکے کے بعد مستونگ کے علاوہ کوئٹہ کے سول اسپتال میں بھی ا یمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
اسپتال حکام کے مطابق تمام ڈاکٹرز ، فارماسسٹ ، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ایمرجنسی ڈیوٹی پر طلب کرلیے گئے ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مستونگ ، بلوچستان میں عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر دھماکے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ اظہارِ افسوس بھی کیا۔
صدر مملکت نے جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت ، اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی پر زور، جلد صحتیابی کی بھی دعا کی۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے مستونگ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ اظہارِ افسوس کرتے ہوئے،جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت ، اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔
وزیر اعظم نے زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی ہدایت اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔
نگران وزیراطلاعات جان اچکزئی
نگراں وزیراطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ مستونگ دھماکے میں 13 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے ہیں،مستونگ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد زیادہ ہوسکتی ہے،غیر ملکی آشیرباد سے دشمن بلوچستان میں مذہبی رواداری اور امن کو تباہ کرنا چاہتا ہے،مستونگ میں دھماکہ ناقابل برداشت ہے،حکومت بلوچستان کی ہدایت پر ریسکیو ٹیموں کو مستونگ روانہ کردیا گیا ہے،شدیدزخمیوں کوکوئٹہ منتقل کیاجارہا ہے،کوئٹہ کےاسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔وزیراعلی علی مردان ڈومکی نے دھماکہ کے ذمہ داروں کی گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر
نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے مستونگ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئےکہا ہے کہ مستونگ میں بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں،مستونگ دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دشمن پاکستان میں افراتفری اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے،قوم ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی،سندھ حکومت غم کی اس گھڑی میں شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب
نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے مستونگ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں ڈی ایس پی سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ عید میلاد النبی پرمستونگ میں دہشتگردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ پنجاب حکومت کی ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی ny بلوچستان کے علاقے مستونگ میں دھماکہ پر اظہار مذمت کرتے ہوئے دھماکہ میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہو سکتے،پورا پاکستان دہشت گردی کی لعنت کے خلاف متحد ہے،دہشت گرد عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں،سیکورٹی فورسز اور عوام کے تعاون سے دہشت گردی کی عفریت کا مکمل خاتمہ کریں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف
اسپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے مستونگ میں مدینہ مسجد کے قریب خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت بے گناہ شہریوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ڈی ایس پی کو ان کی پیشہ ورانہ خدمات پر خراج تحسین کرتے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا،دکھ اور غم کی مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں،اسپیکر قومی اسمبلی نے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں پر حملہ بزدلانہ فعل ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،ملک دشمن عناصر مذموم مقاصد کے حصول کے لیے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں،دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں ان کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں، معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،قانون نافذ کرنیوالے ادارے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے شر پسند عناصر کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کریں۔
اسپیکر نے اللہ تعالیٰ سے دھماکے کے نتیجے میں شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا بھی کی۔
امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی
امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے مستونگ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقہ مستونگ میں بم دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دن بدن دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ انتہائی تشویشناک اور افسوسناک ہے،دھماکے میں شہید افراد کے بلنددرجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں،سیکورٹی اداروں کی غفلت سے دہشتگرد دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں،ملکی امن کے ضامن خواب غفلت سے بیدار ہوں۔
حافظ سعد رضوی نے مزید کہا ہے کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے حالات روزبروز خراب ہوتے جارہے ہیں لیکن مجال ہے کسی کو فکر ہو،دہشتگرد مسلسل خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں معصوم لوگوں کو شہید کر رہے، امن کے قیام کیلئے عوام، افواجِ پاکستان، پولیس، سیاسی رہنماؤں اور ورکرز نے قربانیاں دی، خدارا قربانیاں کو سبوتاژ نہ کیا جائے، وقت کا تقاضا ہے کہ حالات کا جائزہ لے کر پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے، ہمارا مطالبہ ہےکہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مستونگ بازار میں دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کاروائیاں کرنے والے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔
سابق وزیراعظم شہبازشریف
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے مستونگ میںجشن عید میلادالنبی کی ریلی میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مدینہ مسجد ،مستونک کے قریب دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سابق وزیراعظم نے شہید ہونے والے ڈی ایس پی مستونگ کو بھی خراج عقیدت پیش کی ہے۔سابق وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جشن آمد رسول کے دِن یہ قابل نفرت فعل دنیا اور آخرت میں قابل نفرت رہے گا،رحمت اللعالمین کی ولادت باسعادت کے دِن یہ مذموم واقعہ شیطان ہی کرسکتے ہیں۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ مستونگ میں بڑھتے ہوئے بدامنی کے واقعات تشویشناک ہیں،زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات مہیا کی جائیں،شہبازشریف نے شہداءکے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔
مستونگ دھماکے پر سابق وزیراعلی پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز نے بیان میں کہا ہے کہ عید میلاد النبی پرمستونگ میں دہشتگردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے،مستونگ میں بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں،دشمن پاکستان میں افراتفری اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے،غم کی اس گھڑی میں شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مستونگ اور ہنگو میں دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستونگ اور ہنگو دھماکے قابل مذمت اور انتہائی افسوسناک ہیں،کس قدر سفاک ہیں وہ عناصر جنہوں آج کے دن بھی انسانیت کا پاس نہیں رکھا،انسانی جان ،مال اور عزت وآبرو پر حملہ کرنے والے اسلام دشمن ،ملک دشمن اور قوم کے غدار ہیں،آج کے بابرکت دن کے موقع پر خونریزی بڑی سازش کا حصہ ہے،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر تحفظات ہیں،بے گناہ انسانوں کے خون سے کھیلنے والوں کو سخت سزا دی جائے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ قوم کو یک جاں ہو کر ایسے فسادی عناصر کا مقابلہ کرنا ہوگا،زخمیوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں،دعاگو ہوں کہ اللہ کریم شہداء کی شہادتوں کو قبول فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے،شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،دعاء ہے کہ اللہ کریم زخمیوں کو جلد صحت عطاء فرمائے۔
سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری
جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری نے مستونگ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ مستونگ دہشتگردوں کا ٹارگٹ ہے،عید میلادالنبی کے جلسے میں دھماکہ سے جانی نقصان پر افسوس ہے ،جمعیت علماء اسلام کے کارکن زخمیوں کو خون دینے کیلئے نواب غوث بخش اسپتال پہنچیں ۔شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعاگو ہیں،حکومت بلوچستان شرپسند عناصر کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مستونگ بازار میں خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستونگ اور ہنگو دہشت گردانہ حملے ملک کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہیں،جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں،شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،خیبرپختونخوا،بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات سے ہر شخص پریشان ہے،حکومت دھماکے کے ذمہ داران کا تعین کرے اور انھیں سخت سزا دے،گزشتہ کچھ عرصے سے دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ہے،دہشت گردی کی لہر میں عبادت گاہیں اور بازار محفوظ نہیں ہیں۔
اے این پی سربراہ اسفندیارولی خان
اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقہ مستونگ میں بم دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،دھماکے میں شہید افراد کے بلنددرجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں،آئے روز دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ انتہائی تشویشناک اور افسوسناک ہے،گزشتہ کئی سالوں سے جاری اس خونریزی کو روکنے کیلئے ابھی تک خاطرخواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے،بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے حالات روزبروز خراب ہوتے جارہے ہیں لیکن کسی کو فکر ہی نہیں، باجوڑ سے وزیرستان،پشاور،صوابی،ڈی آئی خان،کوئٹہ اور مستونگ تک معصوم لوگوں کو شہید کیا جارہا ہے۔
اسفندیارولی خان نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے پولیس، فوج، عوام، سیاسی رہنماؤں نےقربانیاں دیں، خدارا قربانیاں ضائع نہ کریں،وقت آگیا ہے کہ حالات کا جائزہ لے کر اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے ،آج تک دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف کاغذی کارروائی بھی نہیں ہوسکی،کیا دہشتگردوں کو دوبارہ لانیوالوں، انہیں آباد کرنیوالوں اور معاف کرنیوالوں کے خلاف کارروائی ہوئی؟ ہمارا مطالبہ آج بھی یہی ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سب سے پہلے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
کنوینر ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی
کنوینر ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے مستونگ میں عیدمیلادالنبی کے جلوس میں خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکہ میں شہید افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہارکیا اور مستونگ خودکش دھماکہ میں جلوس میں شریک متعدد افراد کی شہادت وزخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے کہا کہ حکومت بلوچستان زخمیوں کے علاج معالجہ اور شہید افراد کے لواحقین کئ ہر ممکن مدد کا فی الفور بندوبست کرے،اللہ تعالی ان دہشتگردوں کو نیست و نابود اور پاکستان کی حفاظت فرمائیں۔