وزارت اطلاعات کی پی سی بی سمیت دیگر کو سٹے باز کمپنیوں سے معاہدے ختم کرنے کی ہدایت

Sep 29, 2023 | 11:27 AM

ایک نیوز: وفاقی وزارت اطلاعات ونشریات نے ایک مراسلے کے ذریعے عوام اور متعلقہ اداروں کو سٹے بازی میں نئے ناموں سے پاکستان میں آپریٹ کرنے والی کمپنیوں سے متعلق آگاہ کردیا ہے اور کہا ہے کہ ان کمپنیوں سے کیے گیے تمام معاہدے منسوخ کردیے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سٹے بازی کے لیے کمپنیوں کے سرگرم ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ وزارت اطلاعات نے ایک مراسلے کے ذریعے خبردار کیا ہے کہ سٹے بازی میں ملوث کئی کمپنیاں نئے ناموں سے پاکستان میں آپریٹ کر رہی ہیں۔ پاکستان میں اخلاقی تباہی کے مقصد سے کچھ دشمن ممالک سے یہ کمپنیاں آپریٹ ہو رہی ہیں۔ 

وزارت اطلاعات نے مراسلے میں انکشاف کیا ہے کہ ان کمپنیوں کے ذریعے پاکستان ٹیم میں کرپشن متعارف کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پاکستان کو مالی مشکلات سے دوچار کرنے کے لیے یہ کمپنیاں ڈالر کی صورت میں پیسہ باہر بھیج رہی ہیں۔ سٹے بازی میں ملوث کمپنیوں کے ڈیجیٹل، الیکٹرانک، سوشل اور پرنٹ میڈیا میں اشتہارات چلائے جا رہے ہیں۔ 

مراسلے میں کرکٹ بورڈ، پی ایس ایل، فرنچائزوں، کلبوں، ٹی وی چینلز، ریڈیو اور اخبارات کو ان کمپنیوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں واضح کہا گیا ہے کہ ان کمپنیوں سے کسی قسم کا معاہدہ نہ کیا جائے۔ موجودہ تمام معاہدے فوری طور پر منسوخ کر دیے جائیں۔ 

مزیدخبریں