ایک نیوز نیوز: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک اور چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈینگی کی روک تھام کیلئے لائحہ عمل، سرویلنس اور مانیٹرنگ سرگرمیوں اوراعداد و شمار پر غور کیا گیا۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر ارشاد احمد نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈینگی کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں پارکوں اور عوامی مقامات پر آدھی آستین کی قمیضیں پہننے پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ڈینگی ایس او پیز کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لانے کا کیا گیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے عوامی آگاہی مہم کے تحت تعلیمی اداروں میں سیمینارز، زیرتعمیر عمارات پر بینرز آویزاں کرنے اور کمیونٹی موبلائزیشن تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈینگی لارا برآمد ہونے پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔
صوبائی وزیر صحت اخترملک نے کہا کہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی خود مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے گوجرانوالہ میں ڈینگی کیسز کے اضافے پر اظہار تشویش کیا کرتے ہوئے گوجرانوالہ کے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2022-09-29/news-1664477569-2187.mp4
اس موقع پر چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل کا کہنا تھا کہ ڈینگی ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ ہائی رسک اضلاع میں خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنا ہوگا۔
یاد رہے کہ رواں سال ملک میں 5981 ڈینگی کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ اموات کی تعداد 8 رہی۔ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پنجاب میں 158 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گزشتہ ہفتے پنجاب کے مختلف شہروں میں 778 مقدمات درج ہوئے۔