دھرتی ماں صرف پاکستان ہے، صوبے نہیں ہو سکتے: خالد مقبول صدیقی

ایم کیو ایم جاگیردارانہ نظام کیخلاف کھڑی ہے،خالد مقبول صدیقی 
کیپشن: MQM stands against the feudal system, Khalid Maqbool Siddiqui

ایک نیوز :سربراہ ایم کیو ایم پاکستان اور سابق وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ دھرتی ماں صرف پاکستان ہے، صوبے دھرتی ماں نہیں ہو سکتے، ہم آمریت اور جاگیردارانہ نظام کیخلاف کھڑے ہیں۔

کراچی میں ایم کیو ایم کا سیاسی قوت کا مظاہرہ ،عام انتخابات کی تیاریوں کیلئے ایم کیو ایم پاکستان کے زیراہتمام لیاقت آباد کے اسٹوڈنٹس گراؤنڈ میں جلسہ کااہتمام کیاگیا۔جلسے میں کنوینئرڈاکٹرخالدمقبول صدیقی،مصطفی کمال،ڈاکٹرفاروق ستار سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

 کنوینئرایم کیو ایم ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کاکہنا تھاکہ  ہمیں مزید دیوار سے لگایا گیا تو اب یہ دیوار اس قابل نہیں اور گر جائے گی۔ پاکستان کو تینوں صوبے مل کر1640ارب دیتے ہیں۔ صرف کراچی1ہزار 760ارب پاکستان کے خزانوں میں دیتا ہے۔متحدہ قومی موومنٹ صوبوں کو بھی ایک ایڈمنسٹریٹو یونٹ سمجھتی ہے۔ دھرتی ماں صرف پاکستان ہے،صوبے دھرتی ماں نہیں ہوسکتے۔ پاکستان بنانے بچانے اور چلانے کی ذمہ داری لیاقت آباد والوں پر آرہی ہے۔ سندھ کی تقسیم نہیں چاہتے مگر سندھ کے شہری علاقوں کی خلیج باٹنے کی تمام قربانی ایم کیوایم دے چکی۔

ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ  اب ایوان اور بیلٹ فیصلہ نہیں کریگا تو  روڈ کی طاقت سے فیصلہ کرنے کو تیار ہیں۔ ایم کیوایم پاکستان کی محبت میں جو کچھ تھا وہ لٹا چکی  ہے۔ کراچی سے ٹیکس نہیں جزیہ لیا جارہا ہے۔ ایم کیوایم نے پاکستان بنایا تھا بچایا ہے اور اب بہتر طریقے سے چلائینگے بھی اب نئے پاکستان کیلئے ایک مضبوط منظم اور متحد ایم کیوایم اپنے صفر کا آغاز کررہی ہے۔

ڈاکٹرفاروق ستار کاکہنا تھاکہ  لیاقت آباد منی پاکستان ہے یہاں تمام قومیتوں کے لوگ آباد ہیں اگر لیاقت آباد اٹھ جائے تو اسلام آباد کی حکومتیں بیٹھ جائیں لیاقت آباد کی تاجر اتنا ٹیکس دیتے ہیں جتنا ٹیکس پورے لاہور سے بھی جمع نہیں ہوتا ۔ پاکستان کا پاور بینک کراچی اور کراچی کا پاور بینک ایم کیوایم پاکستان ہے۔ نواز شریف واپس آگئے تو پھر کراچی کو بھی اب قومی دھارے میں ضرور واپس آنا چاہیے۔ کراچی کے ساتھ بھی اب انصاف اور اول درجہ کے شہریوں جیسا سلوک ہونا چاہیے ۔کراچی کو آگے لےکر جانا ہے تو کراچی کے وارثوں کے حوالے کیا جائے کراچی میں پندرہ سالوں سے صرف لوٹ مار اور بدعنوانی ہے۔

سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیوایم  سید مصطفی کمال کاکہنا تھاکہ  لیاقت آباد والوں نے آج بتادیا کراچی پاکستان کولیڈ کریگا ۔بڑی پارٹیاں بھی کراچی میں اتنے لوگ جمع نہیں کرسکتے جتنے آج لیاقت آباد میں ایم کیوایم جلسے میں موجود ہیں۔ یہ ثابت ہوگیا کہ ایم کیوایم کے سوا کراچی کو کوئی سوارنے والا نہیں۔ پیپلزپارٹی نے پندرہ سال حکمرانی کرکے کراچی کو بھی لاڑکانہ بنا دیا ۔دنیا چاند پر جارہی تھی اور پچھلے پندرہ سالوں سے لوگ گٹر میں گر کر مررہے تھے۔ کراچی میں جتنے بھی کام ہوئے وہ صرف ایم کیوایم کے زمانے میں ہوئے۔