ایک نیوز :سربراہ جمعیت علما اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کاکہنا ہے کہ دنیا کو اسرائیل کے مظالم دکھائی نہیں دیتے۔مسلم ممالک غیرت کا مظاہرہ کریں۔
طوفان الاقصیٰ کانفرنس سے خطاب میں قائد جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ہمارے ملک کے حکمران بھی اس بربریت پر چپ سادھ کر بیٹھے ہیں، مسلم ممالک پر ظلم و جبر کرنے والے جمہوریت کی بات کس منہ سے کرتے ہیں۔
مولانافضل الرحمان کا کہنا تھاکہ یہودیوں نے جو پاکستان میں ایجنٹ بھیجا اس کو ہم نے شکست دے دی ہے، آج یہودیوں کا ایجنٹ مکافات عمل کا شکار ہے، اسرائیل کو بھی شکست دیں گے۔
سربراہ جے یو آئی کاکہنا تھاکہ آج اسرائیل آواز لگا رہا ہے کہ حماس کسی ہمدردی کا حقدار نہیں، امریکہ اب سپر پاور نہیں رہا، مسلم ممالک کو غیرت کا مظاہرہ کرنا چاہیے، فلسطین کے عوام پر مظالم کا درد تمام مسلم ممالک میں محسوس ہونا چاہیے۔آج ہم نے امریکہ اور یورپ کو پیغام پہنچا دیا، ہم ہر طرح سے فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، 1967ء میں اسرائیل نے عرب دنیا پر حملہ کیا تو اس وقت بھی پاکستان کے عوام نے فلسطینیوں کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔
مولانافضل الرحمان کاکہنا تھاکہ کراچی اور لاہور سمیت پورے ملک میں جائیں گے، دنیا کی یہودی لابی اور صیہونیوں پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جب تک فلسطین کو آزادی نہیں ملتی پاکستان سمیت امت مسلمہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔