ایک نیوز: وادی نیلم میں غلطی سےبھارتی سرحد عبور کرنیوالے لاپتہ نوجوان محمد فیض کے والد چوہدری منگٹا نے بھارتی فوج کی بھونڈی سازش کو بے نقاب کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق 26 اکتوبر 2023 کو وادی نیلم کی گریس ویلی ساؤناڑ سے پانچ نوجوان جڑی بوٹی کی تلاش میں لاپتہ ہو گئے تھے ،جس میں شامل محمد فیض کے والد چوہدری منگٹا کا کہنا ہے کہ "میرا بیٹا جنگل سے جڑی بوٹی نکال کر اپنے بچوں کا پیٹ پالتا تھا، میرا بیٹا (محمد فیض ) دہشتگرد نہیں تھا، بھارتی فوج کا غلطی سے سرحد پار کرنے والے معصوم مزدوروں کا قتل کوئی نئی بات نہیں، بھارتی فوج ماضی میں بھی اس طرح کی بھونڈی حرکتیں کرچکی ہے، محمد فیض کے پانچ بچے ہیں اور وہ انتہائی مخلص انسان تھا مگر مکار دشمن بھارت نے اسے دہشت گرد قرار دے کر شہید کر دیا ہے"۔
گزشتہ روز بے لگام بھارتی میڈیا نے بے گناہ نوجوانوں پر دہشتگرد ی کا الزام لگا کر ماردینے کی خبر بھی نشر کی تھی۔
مقامی ذرائع نے بھی گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ "کھوڑیاں ڈھوک کے قریب جڑی بوٹی تلاش کرنے والے افراد کو بھارتی فوج نے دہشتگرد قرار دے کر شہید کر دیا ہے" ۔
بے گناہ پانچوں نوجوانوں کی گمشدگی رپورٹ ورثاء نے مقامی پولیس چوکی میں درج کروا رکھی ہے۔