ورلڈکپ: بھارت نے انگلینڈ کو 100 رن سے شکست دے دی

Oct 29, 2023 | 14:01 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:آئی سی سی ورلڈکپ کے 29 ویں میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو  100 رن سے شکست دے دی۔

لکھنؤ کے بریسبیو کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 229 رن بنائے، کپتان روہت شرما 87 رن بناکر نمایاں رہے۔  230 رن کےتعاقب میں انگلینڈکی ٹیم 34.5اوور میں129رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

لیام لیونگسٹن 27 ، ڈیوڈ ملان 16 اور معین علی 15 رن بنا کر نمایاں رہے، جونی بیئرسٹو 14، جوز بٹلر اور کرس ووکس 10،10 رن بناسکے،  جو روٹ اور بین اسٹوکس صفر  پر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 7 اوور میں 22 رن  دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،جسپریت بمراہ نے 32 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ بھارت ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل پر 6 میچوں میں 12 پوائنٹ کے ساتھ سر فہرست ہے جب کہ انگلینڈ کی ٹیم 6 میچوں میں 5 شکستوں کے بعد سب سے آخری نمبر پر ہے۔

بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شبمن گل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 26 کے مجموعے پر شبمن گل 9 رنز بنا کر  بولڈ ہو گئے جبکہ ویرات کوہلی بھی 9 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بھارت کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شیریاس آئیر تھے جو 4 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر مارک ووڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ بلیو شرٹس کو چوتھا نقصان 131 پر ہوا جب کے ایل راہول 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ بھارتی کپتان روہت شرما 87 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ سوریا کمار یادیو 49 اور جسپریت بمراہ 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جڈیجا نے 8 اور محمد شامی نے ایک رن بنایا، کلدیپ یادیو 9 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولی نے 3، کرس ووکس اور عادل رشید نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

مزیدخبریں