وزیراعظم کاترکیہ کیساتھ سٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنےکےعزم کااعادہ

Oct 29, 2023 | 11:45 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ترکیہ کے ساتھ خصوصاً اقتصادی شعبے میں کثیرجہتی تذویراتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے 100 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر ترک عوام کے نام ایک تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے ترکیہ کے ساتھ اشیاء کی تجارت کے معاہدے اور تذویراتی اقتصادی فریم ورک پر دستخط سمیت اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ گہری اقتصادی شراکت داری اور مضبوط رابطے آنے والے برسوں میں دوطرفہ تعلقات آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انوار الحق کاکڑ نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطحی تذویراتی تعاون اور تذویراتی اقتصادی فریم ورک سمیت ادارہ جاتی طریقہ کارکے تحت دفاع، صحت، تعلیم، زراعت، سیاحت، ثقافت اوراقتصادی شعبوں میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے گزشتہ ایک سو سال کے دوران خصوصاًصدر رجب طیب اردگان کی متحرک قیادت میں ترکیہ کی شاندار ترقی کو سراہا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام جمہوریہ ترکیہ کی دوسری صدی کے آغاز پر ترکیہ کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا گو ہیں ، خدا کرے کہ دونوں اقوام کے مابین یہ محبت و احترام کا منفرد رشتہ ہمیشہ ایسے ہی قائم رہے۔

مزیدخبریں