شیطانی مارچ کا مقصد لاشیں گرانا، عمران خان تباہی چاہتے ہیں، راناثناءاللہ

Oct 29, 2022 | 18:18 PM

ایک نیوز نیوز: وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی ہے۔ جس میں انہوں نے عمران خان کے لانگ مارچ کو شیطانی مارچ قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ شیطانی مارچ تک عوام کو یہ زحمت اٹھانی پڑے گی۔ یہ ایک فتنہ مارچ ہے جس کا مقصد قوم کو تقسیم کرنا ہے۔ خان کے قریبی ساتھی نے اسے خونی مارچ کہا۔ لاشیں ،خون اور جنازے نظر آنے کے بیان کے بعد اس کو پارٹی سے نکال دیا۔ فیصل واوڈا گھر کے بھیدی تھے، انہیں فورا پی ٹی آئی نے نکال دیا۔ 

رانا ثناء اللہ نے دوران پریس کانفرنس سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی آڈیو لیک چلا دی۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ کریمنل گروپس کو امن و امان کو خطرے میں ڈالنے کےلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ سابق وفاقی وزیر کی گفتگو کو بالکل نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مقصد اسلام آباد میں جلسہ کرنا نہیں بلکہ لاشیں گرانا ہے، جس کا مقصد ملک کی تباہی اور تقسیم کرنا ہے۔ وہ اپنے ہی کارکنوں کی لاشیں گرانا چاہتے ہیں۔ یہ ایک مافیا ہے، انہیں کوئی شرم نہیں۔ 

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان کو کوئی فکر نہیں کہ ملک کو کیا نقصان ہوسکتا ہے۔ انہوں نے سائفر سے کھیلا، رجیم چینج کا بیانیہ گھڑا۔ 

عمران خان اپنے لوگوں کی لاشیں گرا کر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر الزام لگانا چاہتے ہیں۔ پہلے سے کہتے آئے ہیں کہ عمران خان فتنہ ہے قوم کو گمراہ کرنا چاہتا ہے۔ جن کا کوئی جمہوری رویہ نہیں۔ یہ جب حکومت میں تھے تب اپوزیشن کیساتھ بات کرنے کو تیار نہیں تھے۔ ان کا مقصد اسلام آباد میں جلسہ کرنا نہیں۔ عمران خان کا مقصد لاشیں گرانا ہے۔ 

مزیدخبریں