کور کمانڈر پشاور کا دورہ وزیرستان

Oct 29, 2022 | 16:57 PM

ایک نیوز نیوز:  کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے میر علی، شمالی وزیرستان اور باڑہ، خیبر کا دورہ  کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر پشاور نے میر علی میں آرمی پبلک اسکول کا افتتاح کیا اور ساتھ میں  بوائز ہاسٹل اور پاکستان سویٹ ہوم کا دورہ کیا۔پاکستان سویٹ ہوم 2017ء میں قائم کیا گیا تھا اور اس وقت میر علی اور میران شاہ کے 96 یتیم بچے بغیر کسی خرچ کے اس سہولت سے مستفید ہورہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ  آرمی پبلک اسکول کا قیام مقامی لوگوں کا مطالبہ تھا جس میں  آٹھویں جماعت تک کے طلبہ کو تعلیم دی جائےگی۔ سکول میں ایک وقت میں 525 طلبہ کو داخل کرنے کی گنجائش ہے۔ بوائز ہاسٹل سے ملحقہ علاقوں کے 123 طلبہ کو مفت رہائش فراہم کی جارہی ہے۔

کور کمانڈر پشاور اسکاوٴٹس ٹریننگ اکیڈمی میر علی میں منعقدہ بیسک ملٹری ٹریننگ کورس کی پاسنگ آوٴٹ پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔   دورہ باڑہ کے دوران کور کمانڈر نے تیراہ، باغ میدان، راجگال، لنڈی کوتل، باڑہ، مولا گوری اور جمرود سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین کے گرینڈ جرگے میں شرکت کی اور علاقے میں قیام امن کے لیے قبائلیوں کی قربانیوں کو سراہا۔ 

اس موقع پر قبائلی عمائدین نے علاقے میں امن کی بحالی اور این ایم ڈیز میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاری کوششوں پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔ قبائلی عمائدین نے کور کمانڈر کو سکیورٹی فورسز کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا بھی یقین دلایا۔

مزیدخبریں