امریکی ایوانِ نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کے شوہرپر حملہ

امریکی ایوانِ نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کے شوہرپر حملہ

ایک نیوز نیوز: امریکی ایوانِ نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کے شوہر پال پلوسی پر اُن کی رہائش گاہ میں گھس کر ہتھوڑے سے حملہ کیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ 82 سالہ پال پلوسی کے سر پر چوٹ لگنے سے فریکچر ہوا ہے اور ان کا بائیاں بازو بھی زخمی ہوا ہے۔ 

پولیس نے مزید بتایا کہ پال پلوسی کے سر پر سرجری کی گٗئی ہے اور اب انکی حالت خطرے سے باہر ہے۔ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

سپیکر نینسی پلوسی کے ترجمان نے کہا کہ آپریشن سے قبل اسپیکر نینسی پلوسی کی اپنے شوہر سے بات کروائی گئی تھی۔ سپیکر نینسی پلوسی اب واشنگٹن سے سان فرانسسکو کیلئے روانہ ہو گئی ہیں، اور امید ہے کہ پال بہت جلد ٹھیک ہو جائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق واقعے کے وقت   پال پلوسی نے پولیس کو کال کی اور فون کاٹے بغیر رکھ دیا تھا تا کہ پولیس گھر میں گھسنے والے حملہ آور کے ساتھ ان کی گفتگو سن سکے۔

سان فرانسسکو پولیس نے کہا کہ جب پولیس نینسی پلوسی کے گھر پہنچی تو حملہ آور ہتھوڑے سے حملہ کر رہا تھا جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر اسے روک کر گرفتار کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال حملے کے محرکات کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا، لیکن شبہ ہے کہ حملہ آور سپیکر نینسی پلوسی پر حملے کی غرض سے گھر میں داخل ہوا تھا لیکن وہ گھر پر موجود نہیں تھیں۔

پولیس کے  مطابق حملہ آور نے گھر میں گھسنے کے بعد کم از کم بھی دو بار چلا کر پوچھا کہ نینسی کہاں ہے، جس کے بعد اس نے کہا کہ جب تک وہ واپس نہیں آتی میں انتظار کروں گا۔

پولیس کا خیال ہے کہ یہ سیاسی تشدد کا واقعہ ہو سکتا ہے لیکن واقعے کی تحقیقات کے بعد ہی حتمی رائے قائم کی جا سکتی ہے۔

واقعے کے بعد امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس نے سپیکر نینسی پلوسی کو فون کرکے پال پلوسی کی خیریت دریافت کی، انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی شدت پسندانہ عمل ہے۔

امریکی صدر جوزف بائیڈن نے فلاڈیلفیا میں کمپیئن ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نینسی پلوسی کے شوہر پر حملہ بزدلانہ حرکت ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا میں سیاسی تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں، بس بہت ہوگیا۔

ان کا یہی کہنا ہے کہ نینسی پلوسی کے گھر حملہ کرنے والا وہی نعرہ لگا رہا تھا جو کیپیٹل ہل حملے کے وقت لگایا گیا۔