عدالت نے سڑکوں اور موٹرویز کی بندش کیخلاف درخواست نمٹا دی

Nov 29, 2024 | 16:03 PM

لاہور ہائیکورٹ نے سڑکوں اور موٹرویز کی بندش کیخلاف درخواست غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے اعجاز خان ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں وفاق اور حکومت پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کیلئے پُرامن احتجاج کی کال دی، شہریوں کی احتجاج میں شرکت روکنے کیلئے حکومت نے سڑکیں بند کردیں، سڑکیں اور موٹر ویز بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ سڑکوں کی بندش سے سکول، ادارے اور بسیں بند ہو گئیں، سڑکوں اور موٹر ویز کی بندش سے ناقابل تلافی نقصان ہو رہا ہے، عدالت حکومت کو سڑکیں اور موٹرویز کھولنے کا حکم دے۔

دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ اس وقت کوئی سڑک اور موٹروے بند نہیں ہے۔

بعدازاں عدالت عالیہ نے سڑکوں اور موٹر ویز کی بندش کے خلاف درخواست غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دی۔  

مزیدخبریں