ایک نیوز :پاکستان اور کویت کے درمیان پن بجلی، تحفظ خوراک، زراعت اور معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے 7 معاہدوں اور مفاہمت کی 3 یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔
کویت کے دورے پر موجودنگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کویت کے فرسٹ ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد الاحمد الصباح سے ملاقات کی۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
دونوں ممالک کے رہنماؤں نے تاریخی برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کر کے مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کے درمیان 7 معاہدوں اور 3 مفاہمت کی یادداشتوں کی تقریب میں شرکت کی۔
کویت کی جانب سے پاکستان کے مختلف شعبوں بشمول فوڈ سکیورٹی،زراعت، پن بجلی، پینےکیلئے صاف پانی کی فراہمی اور کان کنی کی سرگرمیوں میں تعاون کیلئے کان کنی فنڈ کا قیام، ٹیکنالوجی زونز ڈویلپمنٹ اور مینگروو کے تحفظ سمیت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے 7 معاہدوں اور ثقافت اور آرٹ ، ماحولیات اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون کیلئے 3 مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے۔
دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی رفتار پر انتہائی اطمینان کا اظہار کیا،اور رابطے میں رہنے اور پاکستان اور کویت تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کے لئے تیز رفتار اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے کویت کے ساتھ ان معاہدوں کو ان کامیابیوں میں ایک اور سنگ میل قرار دیا جو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے پلیٹ فارم سے ملک کے لئے سامنے آرہی ہیں۔وزیر اعظم نے کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔