ایک نیوز: ن لیگ منشور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے واضح کیا ہے کہ نواز شریف اور ن لیگ ووٹ کو عزت دو کے بیانیے پر قائم ہیں۔
ایک نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ’یہ تاثر مل رہا ہے کہ کچھ نگراں حکومتیں انتخابات میں التوا اور نگراں سیٹ اپ میں توسیع کے لیے کوشاں ہیں۔ انہیں ایسا ہرگز نہیں کرنا چاہیے اور نہ ہی ہم ایسا کرنے دیں گے۔‘
قبل ازیں اردو نیوز کے ساتھ گفتگو میں عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ ’انتخابات میں پہلے ہی تاخیر ہو چکی ہے۔ 8 فروری کو جب انتخابات ہوں گے تو پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نگراں حکومتیں 90 دن کی آئینی مدت کے برعکس ایک سال سے بھی طویل عرصہ گزار چکی ہوں گی جبکہ وفاقی حکومت چھ ماہ سے زائد عرصے تک مسند اقتدار پر براجمان رہ چکی ہوگی جو کہ طویل عرصہ ہے۔‘