مائنس عمران فارمولا ناقابل قبول، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان رہیں گے،لطیف کھوسہ 

مائنس عمران فارمولا ناقابل قبول، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان رہیں گے،لطیف کھوسہ 
کیپشن: Minus Imran formula unacceptable, PTI Chairman Imran Khan will remain, Latif Khosa

ایک نیوز: سینئر قانون دان سردار لطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ہی رہیں گے۔ انٹراپارٹی الیکشن میں عمران خان ہی چیئرمین کے امیدوار ہوں گے۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں چھ دسمبر تک ضمانت میں توسیع کردی گئی ہے۔ القادر ٹرسٹ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں بھی چھ دسمبر تک توسیع ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ 190 ملین پاؤنڈ کیس سے متعلق حکومتی نوٹیفیکیشن کو ضرور چیلینج کریں گے۔ جیل ٹرائل ہمیں منظور نہیں اس سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے مائنس عمران خان کی خبروں کی تردید کی ہے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ہی رہیں گے۔ انٹرا پارٹی الیکشن میں عمران خان ہی چیئرمین کے امیدوار ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے مجھے پارٹی میں شامل ہونے کی باقاعدہ دعوت دی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو کہا ہے کہ مشاورت کے بعد فیصلہ کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ایک ڈیڑھ گھنٹہ بات ہوئی ہے چیئرمین پی ٹی آئی نے دو ٹوک بات کی ہے۔ شیر افضل مروت یا علی ظفر نے جو کہا انکو شاید غلط فہمی ہوئی ہے۔

انتظار پنجوتھہ کی میڈیا سے گفتگو:

انتظار پنجوتھہ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پارٹی کے فیصلے وہ کور کمیٹی کو اعتماد میں لے کر خود کریں گے۔ وکلاء کو ہدایات جاری کی گئی ہیں وہ کیسز پر فوکس کریں۔ کوئی بھی سیاسی فیصلہ کور کمیٹی کی جانب سے جاری ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ کوئی اگر ذاتی حیثیت میں بات کرتا ہے تو اس کی کوئی اہمیت نہیں۔