خاتون جج دھمکی کیس:عمران خان کی بریت کی درخواست مسترد

خاتون جج دھمکی کیس:عمران خان کی بریت کی درخواست مسترد
کیپشن: خاتون جج دھمکی کیس:عمران خان کی بریت درخواست پر فیصلہ محفوظ

ایک نیوز: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے خاتون جج دھمکی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بریت کی درخواست مسترد ,ٹرائل شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

 تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت ہوئی،چیئرمین پی ٹی آئی کی بریت درخواست پر پراسیکیوشن کے دلائل مکمل  ہو گئے۔

 عدالت نے  چیئرمین پی ٹی آئی کی کیس سے بریت کی درخواست مسترد کر دی،سول جج محمد مرید عباس نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ‏چیئرمین پی ٹی آئی خاتون جج دھمکی کیس میں بریت کے مستحق نہیں۔

چئیر مین پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چودھری عدالت پیش ہوئے، عدالت نے کیس کی سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے اپنے دلائل مکمل کئے تھے،عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا،سول جج مرید عباس نے بریت کی درخواست پر سماعت کی۔