ایک نیوز : قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ کپتانی ایک عارضی چیز ہوتی ہے، کوشش ہونی چاہیے کہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے اچھی کرکٹ کھیلیں۔
لاہور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم آسٹریلیا میں اچھی پرفارمنس دیں گے، یہ سیریز ہم سب کے لیے ایک چیلنج ہے۔ شان مسعود نے کہا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کا آغاز ہوچکا ہے، ٹیم میں شامل کھلاڑیوں نے پاکستان کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور آپ کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ جو چیز سیٹلڈ ہوتی ہے آپ اسی کو آگے لے کر چلتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ ایک سال کے دوران ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں تیسرے نمبر پر کھیلتے رہے ہیں، میری کوشش بھی یہی تھی کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں تیسرے نمبر پر کھیلوں تاکہ میں اسی پوزیشن پر کھیلنے کی عادت اپنا سکوں۔
انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ وہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے بہترین انتخاب ہیں، صائم کرکٹ کھیلنے والوں کو پیغام دے رہا ہے اور اس نے ڈومیسٹک کرکٹ میں ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے پاس کھیلنے کا آئیڈیل انداز رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہیں گے کہ جو کرکٹرز ڈومسیٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں ان کا انداز بھی ایسا ہی ہونا چاہیے، صائم کو اس کی کارکردگی کا انعام ملا ہے۔
بابر اعظم سے متعلق انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان ٹیم کے بہترین بلے باز ہیں، ان کی پوزیشن کو کوئی نہیں چھیڑے گا، ان کا چوتھا نمبر برقرار ہے، ٹیم اپنے بیٹرز کو مد نظر رکھ کر ہی بنائی جاتی ہے۔
فاسٹ بولرز سے متعلق شان مسعود نے کہا کہ خرم شہزاد نے بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر سب کو یہ پیغام دیا ہے کہ جب آپ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور جب ٹیم میں آپ کی جگہ بنے گی تو آپ کو اپنی پرفارمنس کا انعام ضرور ملے گا، یہی انعام امیر حمزہ کو بھی ملا ہے۔
حارث رؤف سے متعلق انہوں نے کہا کہ آپ ایک پلیئر کی ٹیم میں خواہش ہی کرسکتے ہیں لیکن بعض اوقات وہ دستیاب نہیں ہوتا، حارث رؤف کو ہم ٹیم میں شامل کرنا چاہ رہے تھے، آسٹریلیا میں ہمیں ایک اچھے فاسٹ بولر کی ضرورت تھی، لیکن اگر وہ دستیاب نہیں ہیں تو ہمیں ان کے بغیر ہی کھیلنا اور آگے بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ اسکواڈ وہی ہے جو طے ہوا ہے، اس ٹیم میں آپ کو زیادہ تبدیلیاں نظر نہیں آئیں گی لیکن جہاں ہمیں ضرورت ہوگی ہم کھلاڑیوں کو اس ضرورت تحت کے کھلائیں گے۔
محمد رضوان اور سرفراز کو ایک ساتھ کھلانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسے موقع پر جب آپ کو ایک ایکسٹرا بیٹر کی ضرورت ہو یا کسی اسپنر کو ڈراپ کر کے ایک بیٹر کھلانا ہو تو اس صورت میں دونوں بیٹرز کو ایک ساتھ کھلایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا لیکن اگر ٹیم سیٹلڈ ہے تو ہمیں چاہیے کہ اسی کمبینیشن کے ساتھ کھیلیں۔