ویب ڈیسک:ہیروں کاکاروبارکرنےوالےارب پتی تاجردلیپ پوپلےکی بیٹی ودھی پوپلےکی شادی کی تقریب فضاؤں میں انجام پائی۔
تفصیلات کےمطابق شادی ایک خوبصورت رشتہ ہےاورہرکسی کایہ خواب ہوتاہےکہ اس کی شادی کی تقریبات اچھےاندازسےہوجائےاس لئےشادی میں کھانے،کپڑےاورزیورات سمیت جگہ کابھی خاص خیال رکھاجاتاہےکہ کسی چیزکی کمی نہ رہ جائے۔
ایسی ہی ایک شادی دبئی میں مقیم بھارتی ارب پتی تاجردلیپ پوپلےکی بیٹی ودھی پوپلے اور انکے دوست ہردیش سینانی کی غیر روایتی انداز میں گزشتہ جمعہ کو فضاؤں میں انجام پائی جس کیلئے خصوصی طور پر بوئنگ747 طیارہ تیار کیا گیا تھا۔
شادی کیلئے دلہا دلہن تقریباً350 مہمانوں کے ہمراہ جہاز میں سوار ہوئے اور دبئی سے عمان تک تین گھنٹے کا سفر کیا۔ پرواز میں ہی دونوں نے زندگی بھر ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کا عہد کیا۔
شادی کیلئے دلہن ودھی نے روایتی سرخ لہنگا پہن رکھا تھا جس پر سونے کی بھاری کڑھائی موجود تھی جبکہ دلہا ہردیش نے کریم رنگ کی شیروانی پہن رکھی تھی۔
مہمانوں میں قریبی عزیزوں کے علاوہ، دوست احباب اور میڈیا بھی شامل تھا جن کی تواضع سیون اسٹار کھانوں سے کی گئی جس میں روٹی، مکھن، سبزی، جلفریزی، مشروم پلاؤ، پالک پنیر اور دال مصالحہ شامل تھے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ”آسمان میں شادی“ پوپلے خاندان میں ایک سیکوئل ہے جو تقریباً30 سال بعد دوبارہ دہرایا گیا ہے۔1994 میں پہلی بار دلیپ پوپلے نے اپنی محبوبہ سنیتا سے دوران پرواز شادی کی تھی۔
دلیپ اور سنیتا کی شادی”ہوائی بندھن“ یا ”ویڈنگ ان دی ایئر“ کے طور پر مشہور ہوئی تھی جس کیلئے ایئربسA310 نے ممبئی سے احمد آباد کے لیے اڑان بھری تھی۔
واضح رہے کہ پوپلے خاندان متحدہ عرب امارات اور بھارت میں زیورات اور ہیروں کی دکانوں کا مالک ہے جس کے بھارت اور بیرون ملک اربوں روپے کے اثاثے ہیں۔