وزیرمملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کادورہ افغانستان کامیاب رہا،دفترخارجہ

Nov 29, 2022 | 23:19 PM

ایک نیوز نیوز:کابل میں وزیر مملکت نے افغان عبوری حکومت کے نائب وزیر اعظم عبدالسلام حنفی، قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقاتیں کیں ۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حنا ربانی کھر نے افغانستان کا ایک روزہ سرکاری دورہ کیا۔ ملاقاتوں کے دوران تعلیم، صحت، زراعت، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون، علاقائی روابط، سماجی و اقتصادی منصوبوں سمیت مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر مملکت نے پرامن، مستحکم، خوشحال اور منسلک افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے افغانستان میں سنگین انسانی صورتحال اور تعمیر نو کے لیے عالمی برادری سے مالیاتی اثاثوں کو غیر منجمد کرنے پر زور دیا۔
 ترجمان کا مزیدکہنا تھا کہ دونوں فریقین نے پائیدار دو طرفہ سیاسی مکالمے کی اہمیت اور پاکستان افغانستان تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے ادارہ جاتی میکانزم کے اہم کردار پر اتفاق کیا۔دونوں فریقوں نے وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے درمیان ایک زمینی پل کے طور پر افغانستان کی اہمیت پر بھی زور دیا ۔

دفترخارجہ کے مطابق دونوں فریقین نے باہمی تعاون کے ساتھ علاقائی سلامتی کو بڑھانے ،دہشت گردی کا مقابلہ کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔  وزیر مملکت نے ویمن چیمبر آف کامرس کے نمائندوں کے ساتھ ظہرانے پر ملاقات کی۔وزیر مملکت کا دورہ اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ 

مزیدخبریں